حج 2018 : فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 22 دسمبر، دہلی میں اب تک 7700 درخواستیں موصول

نئی حج پالیسی میں اس تبدیلی کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ اس سے ہر کسی کے لیے حج بیت اللہ کے فریضہ کی ادائیگی کے لیے انتخاب کے امکانات روشن ہوں گے۔

Dec 21, 2017 05:43 PM IST | Updated on: Dec 21, 2017 05:45 PM IST
حج 2018 : فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 22 دسمبر، دہلی میں اب تک 7700 درخواستیں موصول

نئی دہلی: حج بیت اللہ2018کے لیے درخواست فارم جمع کرنے کا سلسلہ کل 22 دسمبر2017  کو ختم ہوجائے گا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال دہلی میں گذشتہ برسوں کے مقابلے میں کم درخواستیں جمع ہوئی ہیں تاہم اب تک موصول ہونے والی تقریباً 7700درخواستوں کی تعداد، دہلی کو فراہم کیے جانے والے کل1539کوٹہ کے تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کم درخواستوں کی وجہ سے امسال سے حکومت ہند کی جانب سے حج سبسڈی کی یکبارگی منسوخی اور لگاتار چار سال تک درخواست دینے والوں کے مخصوص زمرہ بی کی تنسیخ بھی ہے۔ نئی حج پالیسی میں اس تبدیلی کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ اس سے ہر کسی کے لیے حج بیت اللہ کے فریضہ کی ادائیگی کے لیے انتخاب کے امکانات روشن ہوں گے۔حج کمیٹی آف انڈیا سے جاری سرکلر کے مطابق اس سال قرعہ اندازی کا سلسلہ آئندہ ماہ جنوری میں مکمل کر لیا جائے گا۔

نئی حج پالیسی میں ہوائی جہاز کے مہنگے کرایے والے امبارکیشن پوائنٹ سے پرواز لینے والے عازمین کو دوسرے امبارکیشن پوائنٹ کے انتخاب کی سہولیات براہم کیے جانے کے نتیجے میں سری نگر امبارکیشن پوائنٹ سے دہلی منتقل ہونے والے عازمین کی اضافی تعداد کے پیش نظر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ہر اعتبار سے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس کے لیے حج کمیٹی پر عزم ہے کہ کسی بھی عازمین کو عارضی قیام، حج منزل سے ایئرپورٹ تک ٹرانسپورٹ کی فراہمی، طبی سہولیات وغیرہ میں کسی طرح کی کوئی دشواری نہیں ہوگی۔

Loading...

Loading...