میرٹھ میں انڈیا بک آف ریکارڈز 2016 کے تحت رولر اسپیڈ اسکیٹنگ میراتھن مقابلہ کا انعقاد

میرٹھ : میرٹھ میں اتوار کو انڈیا بک آف ریکارڈز 2016 کے تحت رولر اسپیڈ اسکیٹنگ میراتھن کا انعقاد کیا گیا ۔

May 17, 2016 12:01 AM IST | Updated on: May 17, 2016 12:02 AM IST
میرٹھ میں انڈیا بک آف ریکارڈز 2016 کے تحت رولر اسپیڈ اسکیٹنگ میراتھن مقابلہ کا انعقاد

میرٹھ : میرٹھ میں اتوار کو انڈیا بک آف ریکارڈز 2016 کے تحت رولر اسپیڈ اسکیٹنگ میراتھن کا انعقاد کیا گیا ۔ ٹیم اور انفرادی ایونٹ کے ان مقابلوں کےانعقاد کا مقصد اسپیڈ اسکیٹنگ میں قومی سطح پر قائم ریکارڈ کو توڑنا تھا ۔ اتر پردیش میں پہلی مرتبہ ہوئے اس طرح کے میراتھن اسکیٹنگ مقابلوں میں کئی ریاستوں کے اسکیٹ کھلاڑیوں نے شرکت کی اور پرانے ریکارڈ توڑ کر نئے ریکارڈ قائم کئے۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں اسکیٹنگ جیسے کھیلوں کو ابھی مقبولیت حاصل نہیں ہے ، لیکن میرٹھ کے انیس احمد جیسے کوچ اس کھیل کے ذریعہ عالمی سطح پر ہندوستان کو ایک خاص پہچان دلانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اسی سلسلے کے تحت کوچ انیس احمد نے میرٹھ میں رولنگ اسکیٹنگ کے ایک ایسے مقابلے کا انعقاد کرایا ، جس میں کھلاڑیوں نے اسپیڈ میراتھن ایونٹ میں پرانے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئے ریکارڈ قائم کئے۔

ہاف اور فل اسکیٹنگ میراتھن کے ریکارڈ ساز مقابلوں میں 11 اور 22 کلومیٹر راؤنڈ کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ ہاف میراتھن کے ایونٹ میں جہاں دہلی کے امانت نے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا، وہیں 22 کلومیٹر راؤنڈ کے مقابلے میں آیوش نے 45 منٹ میں ہی 180 راؤنڈ مکمل کرکے نیا ریکارڈ بنایا ۔ قومی سطح پر میراتھن کے اس ایونٹ میں پہلے یہ ریکارڈ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت کا تھا ۔ کھلاڑیوں نے تیز دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود پورے جذبہ اور حوصلہ کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ریس مکمل کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

قابل ذکر ہے کہ انیس احمد گزشتہ 15 برسوں سے ایک اسکیٹنگ کوچ کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ انیس احمد کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کی آج میرٹھ میں نہ صرف اسکیٹنگ رنگ اور کوچنگ کی بہترین سہولیات موجود ہیں ، بلکہ ریاستی اور قومی سطح کے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعہ اس کھیل میں میرٹھ اپنی ایک خاص شناخت بنا رہا ہے۔ تاہم ان کوششوں کے باوجود سرکاری سطح پر کسی طرح کی مدد اسکیٹنگ کو حاصل نہ ہونے کی وجہ سے کھیل میں دلچسپی رکھنے والوں میں مایوسی ضرور نظر آتی ہے۔

Loading...

Loading...