
رائے بریلی۔ گجرات کے دورے کو چھوڑ کر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی جمعہ کو رائے بریلی پہنچے اور یہاں ضلع اسپتال میں زخمی افراد سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی ہلاک شدگان کے رشتہ داروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
دریں اثنا، اونچاہار نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) کے پلانٹ حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے جبکہ بہت سے لوگوں کی حالت اب بھی سنگین بنی ہوئی ہے۔ یہ جانکاری پرنسپل سیکرٹری ہوم اروند کمار نے دی۔
قبل ازیں راہل گاندھی نے سورت سے روانہ ہونے سے پہلے کہا تھا کہ وہ آج رائے بریلی جا رہے ہیں۔ وہ وہاں نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) پلانٹ میں جو حادثہ ہوا اس میں زخمی افراد اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے ساتھ مل کر ان کا دکھ بانٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد از جلد واپس لوٹیں گے۔