راہل گاندھی کے پاس خود کا علم نہیں ،لکھا ہوا بولتے ہیں: یوگی

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سنیچر کو یہاں کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کے پاس ملک اور عوام کے بارے میں خود کا کوئی علم نہیں ہے اور وہ تو وہی بولتے ہیں جو انہیں لکھ کر دیا جاتا ہے۔

Sep 22, 2018 10:32 PM IST | Updated on: Sep 22, 2018 10:35 PM IST
راہل گاندھی کے پاس خود کا علم نہیں ،لکھا ہوا بولتے ہیں: یوگی

یوگی آدتیہ ناتھ ۔ فائل فوٹو

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سنیچر کو یہاں کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کے پاس ملک اور عوام کے بارے میں خود کا کوئی علم نہیں ہے اور وہ تو وہی بولتے ہیں جو انہیں لکھ کر دیا جاتا ہے۔

مسٹر یوگی نے گورکھ ناتھ مندر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر پر ترس آتا ہے کہ انہیں جو کچھ بھی لکھ کر دے دیا جاتا ہے وہ صرف وہی باتیں بولتے ہیں ۔گذشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت پر راہل گاندھی کے ذریعہ کئے گئے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک میں 70 سالوں تک حکمرانی کی ہے لیکن بی جے پی نے اقتدار سنبھالتے ہی آٹھ کروڑ لوگوں کے لئے بیت الخلاء، چار کروڑ لوگوں کو بجلی کنکشن ، بے گھر افراد کو گھر اور نوجوانوں کے لئے اسٹینڈ اپ، اسٹارٹ اپ ، مدرا لون اور کوشل وکاس یوجنا کے تحت روزگار کے مواقع میسر کرائے ہیں۔

مسٹر یوگی نے کہا کہ گاندھی خاندان کی چار پیڑھیوں نے اقتدار پر قابض رہ کر اگر عوام کی فلاح و بہبود کا کام کیا ہوتا تو آج کانگریس کی یہ خراب حالت نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی پالیسیوں اور عوامی اسکیمات کی وجہ سے ہی ہندوستان کا شمار دنیا کے کچھ مضبوط ممالک میں ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ آنےوالے اکتوبر کے مہینے تک ریاست کے گنا کسانوں کے بقایاجات کی ادائیگی کر دی جائے گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ کانگریس کی حکومت میں بینکوں کا این پی اے بڑھ کر اب تک 52 لاکھ کروڑ تک پہنچ گیا ہے جس سے بی جے پی کی حکومت کوبھاری خامیازہ اٹھانا پڑا اور بینکوں کی حالت خستہ ہو گئی ہے۔

Loading...

Loading...