یو پی ایس سی امتحان : عاصم احمد کو امید ، ان کی کامیابی سے بدلے گی اعظم گڑھ کی شبیہ

عاصم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی ایس سی بوٹینی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد سول سروس امتحان کی تیاری شروع کی ۔ تین سال تک عاصم نے کڑی محنت کی ۔

Apr 29, 2018 03:39 PM IST | Updated on: Apr 29, 2018 04:14 PM IST
یو پی ایس سی امتحان : عاصم احمد کو امید ، ان کی کامیابی سے بدلے گی اعظم گڑھ کی شبیہ

یونین پبلک سروس کمیشن امتحان 2017 کے نتائج کا اعلان کیا جاچکا ہے ۔ سال رواں اس امتحان میں 900 سے زائد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ، جن میں تقریبا 48 مسلمان بھی ہیں ۔ اترپردیش کے اعظم گڑھ رہنے والے عاصم احمد بھی ان خوش نصیبوں میں سے ایک ہیں ، جنہوں نے سول سروسز امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ عاصم احمد 165 رینک کے ساتھ کامیاب ہوئے ہیں اور ان کا آئی اے ایس کیلئے انتخاب ہوا ہے۔

عاصم احمد اترپردیش کے اعظم گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ان کے والد وثیق احمد تجارت کرتے ہیں ۔ عاصم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی ایس سی بوٹینی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد سول سروس امتحان کی تیاری شروع کی ۔ تین سال تک عاصم نے کڑی محنت کی ۔ ان کے مطابق وہ 8 سے 10 گھنٹے تک پوری دلجمعی کے ساتھ پڑھائی کرتے تھے۔

ملک کی خدمت اور سماج کی ترقی کو لے کر عاصم کی سوچ پوری طرح سے کھلی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی چیلنجز ہیں ، لیکن سب کو مل کر ہی ملک کا آگے بڑھانا ہوگا۔ اترپردیش کے سلسلہ میں ان کا کہنا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کی پریشانی کافی زیادہ ہے ، لیکن سب مل کر اس کو ٹھیک کرسکتے ہیں۔

عاصم احمد کا ماننا ہے کہ اعظم گڑھ کا نام کئی معاملات کی وجہ سے کافی سرخیوں میں رہا ہے ، لیکن اب ان کی یہ کامیابی اعظم گڑھ کی شبیہ تبدیل کرنے میں کچھ کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

Loading...

خرم شہزاد کی رپورٹ

Loading...