اترپردیش : مدرسہ بورڈ امتحانات کے آن لائن فارم میں نئی معلومات طلب، طلبہ و مدرسہ منتظمین پریشان

گزشتہ دو سال سے یو پی مدرسہ بورڈ کےامتحانات کےفارم آن لائن داخل کیے جا رہے ہیں ۔

Jan 19, 2018 09:06 PM IST | Updated on: Jan 19, 2018 09:06 PM IST
اترپردیش : مدرسہ بورڈ امتحانات کے آن لائن فارم میں نئی معلومات طلب، طلبہ و مدرسہ منتظمین پریشان

میرٹھ : اترپردیش مدرسہ بورڈ کے لئے وقت پر امتحانات مکمل کرانا اور نتائج کا اعلان کرنا ہمیشہ سے ایک بڑا چیلنج رہا ہے ، لیکن اس سال امتحانات کے فارم داخل کرنے کو لے کر بھی مدرسہ بورڈ کے فیصلہ اور آن لائن سسٹم کی خامی اجاگر ہو رہی ہے اور اس خامی کا خمیازہ مدرسہ منتظمین اور طالب علم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ دو سال سے یو پی مدرسہ بورڈ کےامتحانات کےفارم آن لائن داخل کیے جا رہے ہیں ۔تاہم سال 2018 کےلئےنئے پورٹل کے ذریعہ آن لائن فارم داخل کیے جا رہے ہیں۔ لیکن فارم داخل کرنے میں طلبہ سے پچھلے سرٹیفکیٹ اور مارک شیٹ کے تعلق سے کئی نئی جانکاریاں بھی طلب کی گئی ہیں جن کی پہلےسے جانکاری نہ تو طلبا کو دی گئی ہے اور نہ ہی مدرسہ منتظمین کو اس بابت کچھ بتایا گیا ہے۔

آن لائن فارم داخل کرنے کے دوران اب اس طرح کے نئے مطالبہ کی وجہ سے طلبہ اور مدرسہ منتظمین دونوں پریشان ہیں ۔ فارم داخل کرنے کے لئے مدرسہ بورڈ کی آخری تاریخ 20 جنوری ہے ، لیکن آن لائن فارم داخل کرنے میں پیش آرہی پریشانیاں طلبہ کے حق میں نقصاندہ ثابت ہو رہی ہیں ۔

خیال رہے کہ آن لائن سسٹم کے ذریعہ یو پی مدرسہ بورڈ نے مدرسہ سسٹم کو تیزاور بہتر بنانے کی کوشش کی تھی ، لیکن اس سسٹم کی خامی یا پھر سسٹم کی کمان سنبھالنے والوں کے فیصلوں نےاب خود بورڈ کے طریقوں پرہی سوالات کھڑے کردئے ہیں۔

Loading...

Loading...