Afghanistan Earthquake: کرکٹر راشد خان نے زلزلہ میں اپنا سب کچھ گنوا چکی معصوم کی تصویر کی شیئر، لوگوں سے کی خاص اپیل
Afghanistan Earthquake: کرکٹر راشد خان نے زلزلہ میں اپنا سب کچھ گنوا چکی معصوم کی تصویر کی شیئر، لوگوں سے کی خاص اپیل (Rashid khan twitter)
Afghanistan Earthquake: افغانستان میں ایک روز پہلے آنے والے زلزلے سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ ایک ہزار سے زیادہ لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 1500 سے زیادہ شدید زخمی ہیں۔
نئی دہلی : افغانستان میں ایک روز پہلے آنے والے زلزلے سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ ایک ہزار سے زیادہ لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 1500 سے زیادہ شدید زخمی ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر 6.1 کی شدت کے اس زلزلے کے باعث افغانستان میں 3 ہزار سے زائد کچے اور پکے مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ زلزلے نے پہلے سے ہی مشکلات سے دوچار افغانستان کے لوگوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس مشکل وقت میں دنیا بھر کے ممالک افغانستان کی مدد کے لئے آگے آئے ہیں۔ افغانستان کے تجربہ کار کرکٹر راشد خان نے بھی مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کی مدد کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے۔
راشد خان نے ٹویٹر پر اس زلزلے میں اپنا سب کچھ کھو دینے والی معصوم بچی کی تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا: یہ معصوم فرشتہ اپنے خاندان کا واحد زندہ رکن ہے۔ مقامی لوگوں کو زلزلے کے بعد اس لڑکی کے خاندان کا کوئی دوسرا فرد نہیں ملا۔ زلزلے کے باعث کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں اور دور دراز علاقوں میں لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ایسے میں میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔
علاوہ ازیں راشد خان خود بھی متاثرین کے لئے چندہ اکٹھا کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں بدھ کو آنے والا زلزلہ دو دہائیوں میں سب سے زیادہ طاقتور اور تباہ کن تھا ۔ پڑوسی ملک پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ پکتیکا میں تھا، جو خوست شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ طالبان فوج کے ترجمان نے کہا کہ کمزور ٹیلی فون نیٹ ورک راحت اور بچاؤ کے کاموں کو متاثر کر رہے ہیں، جس کی وجہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔
وہیں ٹولو نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت نے زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ایک ارب افغانی روپے (تقریبا 87.53 کروڑ روپے) جاری کئے ہیں۔ وہیں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹویٹ کر کے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور افغانستان کو انسانی امداد کی پیشکش کی ہے۔ نیز دیگر ممالک جیسے پاکستان، جاپان اور جنوبی کوریا وغیرہ نے بھی مدد کا وعدہ کیا ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔