پاکستان کا نیا کپتان بننے کے بعد بابر اعظم کا چھلکا درد، کہا۔ 10 سال سے ...
بابر اعظم نے کہا ’ بغیر ناظرین کے کھیلنا کیا ہوتا ہے ہم سے بہتر کوئی نہیں جانتا ہے۔ ہم نے پچھلے دس سال سے دبئی میں تقریبا خالی اسٹیڈیم میں میچ کھیلے ہیں۔
- News18 Urdu
- Last Updated: May 19, 2020 11:52 AM IST

پاکستانی ٹیم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی: بابر اعظم
نئی دہلی۔ پاکستان کے نئے کپتان بابر اعظم (Babar Azam) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس (Coronavirus) کے سبب بغیر ناظرین کے کھیلنا کسی کے لئے آسان نہیں ہونے والا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ لاک ڈاون کی صورت حال ختم ہونے کے بعد بھی کچھ وقت تک کرکٹ میچ خالی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ وراٹ کوہلی (Virat Kohli) بھی کہہ چکے ہیں کہ بغیر ناظرین کے میچ کھیلنے پر اس کھیل کا جادو ختم ہو جائے گا۔ پاکستان میں دس سال کے طویل انتظار کے بعد کرکٹ کی واپسی ہوئی تھی۔ ایسے میں دوبارہ بغیر ناظرین کے کھیلنا پاکستانی کرکٹرز کو مایوس کر رہا ہے۔
بغیر ناظرین کے کھیلنا سبھی ٹیموں کے لئے ہے مشکل
بابر اعظم نے کہا ’ بغیر ناظرین کے کھیلنا کیا ہوتا ہے ہم سے بہتر کوئی نہیں جانتا ہے۔ ہم نے پچھلے دس سال سے دبئی میں تقریبا خالی اسٹیڈیم میں میچ کھیلے ہیں۔ اس لئے ہم سمجھ سکتے ہیں کہ بغیر ناظرین کے کھیلنا کیسا ہوتا ہے۔ اس لئے یہ مداحوں اور ہمارے لئے بھی مشکل ہو گا۔ ہم بیشک اسے کافی یاد کریں گے‘۔ کہا جا رہا ہے کہ اس سال اکتوبر۔ نومبر میں ہونے والے کرکٹ عالمی کپ کے بھی بغیر ناظرین کے منعقد ہونے کے قیاس لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’ ہر کسی کے لئے ضابطے برابر ہوں گے۔ یہ مشکل ہو گا، گیند کو چمکائے بغیر جشن نہیں منانا اور ایک دوسرے کے پاس نہ جانا۔ لیکن ہمیں سماجی دوری پر عمل کرنا ہو گا اور یہ صرف ہمارے لئے نہیں ہو گا۔ اس کے ساتھ ڈھلنے میں وقت لگے گا‘۔
