AFG vs SL: افغانستان نے 12 گیندوں میں ہی کردیا سری لنکا کا ٹاپ آرڈر تہس نہس، درج ہوا سب سے شرمناک ریکارڈ
AFG vs SL: افغانستان نے 12 گیندوں میں ہی کردیا سری لنکا کا ٹاپ آرڈر تہس نہس، درج ہوا سب سے شرمناک ریکارڈ (ACB Twitter)
AFG vs SL, Asia cup 2022: ایشیا کپ کا پہلا میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان دبئی میں کھیلا جا رہا ہے اور سری لنکا کا پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آغاز انتہائی خراب رہا۔ 12 گیندوں کے اندر سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کے 3 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
نئی دہلی : ایشیا کپ کا پہلا میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان دبئی میں کھیلا جا رہا ہے اور سری لنکا کا پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آغاز انتہائی خراب رہا۔ 12 گیندوں کے اندر سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کے 3 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ پہلے ہی اوور میں افغانستان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز فضل حق فاروقی نے سری لنکا کو لگاتار دو گیندوں پر دو جھٹکے دئے۔ انہوں نے اوور کی پانچویں گیند پر کسل مینڈس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ فاروقی کی گیند مڈل اور لیگ اسٹمپ پر تھی اور تیزی سے اندر کی طرف سوئنگ ہوئی۔ مینڈس نے اس کو اسکوائر لیگ کی طرف کھیلنے کی کوشش کی، لیکن گیند ان کے بلے سے نہیں لگی اور پچھلے پیڈ سے ٹکرا گئی۔ افغانستان نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی، لیکن امپائر نے اس کو مسترد کر دیا۔ اس کے بعد افغانستان نے ڈی آر ایس لیا اور اس میں صاف ہوگیا کہ گیند لیگ اسٹمپ پر پچ ہوئی تھی اور لیگ اسٹمپ سے ہی جا ٹکرائی ۔ اس طرح سری لنکا کو میچ کی پانچویں گیند پر ہی پہلا جھٹکا لگا۔ مینڈس صرف 2 رنز بنا سکے۔
اس کے بعد فاروقی نے اگلی ہی گیند پر چرتھ اسلانکا کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ وہ کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ اس کے بعد سری لنکا کو دوسرے اوور میں تیسرا جھٹکا لگا۔ افغانستان کی جانب سے نوین الحق نے یہ اوور پھینکا ۔ ان کے اوور کی پہلی پانچ گیندوں پر دو رنز آئے، لیکن آخری گیند پر پتھم نشانکا نے مڈ آن کی طرف شاٹ لگانے کی کوشش کی، مگر گیند وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز کے ہاتھوں میں چلی گئی ۔
امپائر نے بھی انگلی اٹھادی۔ لیکن سری لنکا نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا۔ الٹرا ایج میں بھی ایسا نہیں لگا کہ گیند بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر کے گلوس میں چلی گئی ہے۔ لیکن ٹی وی امپائر نے بھی نشانکا کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اس فیصلہ سے سری لنکائی کھلاڑی بھی حیران رہ گئے ۔
اس طرح سری لنکا نے 5 رنز کے اسکور پر 3 وکٹیں گنوا دیں۔ یہ سری لنکا کا ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں تیسری وکٹ گرنے کا سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے پہلے سری لنکا کا تین وکٹیں گرنے کے بعد سب سے کم اسکور 8 رنز تھا، جو اس نے گزشتہ سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔