نئی دہلی : وراٹ کوہلی جب تک میدان میں رہتے ہیں، تب تک سامنے والی ٹیم پر ان کا خوف طاری رہتا ہے ۔ مقابلہ پاکستان سے ہو تو کوہلی مزید بے رحم ہوجاتے ہیں ۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2022 کے اس میچ کو ہوئے ابھی زیادہ وقت نہیں گزرا ہے، جہاں وراٹ نے حارث روف کی دو گیندوں پر لگاتار چھکے لگاکر پاکستان کے منہ سے جیت چھین لی تھی ۔ کوہلی اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر پاکستان کو پست کرچکے ہیں، حالانکہ ایک میچ میں وراٹ پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑی کیلئے فرشتہ بن گئے تھے ۔
پاکستان کے سابق کپتان اظہر علی نے ٹیسٹ میں ٹیم کیلئے رنوں کا انبار لگایا ہے ۔ وہ اس فارمیٹ میں ٹریپل سنچری بنانے والے پاکستان کے چند بلے بازوں میں شامل ہیں ۔ اظہر کے نام تین ڈبل سنچریاں بھی درج ہیں۔ گزشتہ دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز کے بعد اظہر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا ۔ اظہر نے ہی وراٹ سے وابستہ واقعہ کا انکشاف کیا ہے ۔ بات 2017 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ کی ہے ۔ پاکستان نے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 339 رنز بنائے تھے ۔ جواب میں ہندوستان نے میچ کی تیسری ہی گیند پر روہت شرما کا وکٹ گنوادیا تھا ۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی رکنے کپتان کوہلی آئے ۔ وراٹ سات گیند میں پانچ رنز بنا چکے تھے ۔ گیند محمد عامر کے ہاتھ میں تھی اور اظہر علی فرسٹ سلپ میں کھڑے تے ۔ عامر کی اگلی گیند وراٹ کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں گئی ، لیکن کیچ ڈراپ ہوگیا ۔
اظہر علی نے پاکستان کے ایک ٹی وی شو میں کہا کہ کیچ چھوڑنے کے بعد میں بری طرح سے خوفزدہ ہوگیا۔ اس وقت تیس چالیس سکینڈ تک میرے ذہن میں عجیب عجیب خیالات آتے رہے ۔ بقول اظہر میں نے سوچا کہ اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا مجھے دیکھ رہی ہوگی اور یہ کہہ رہی ہوگی کہ دیکھو اس نے کیا کردیا ۔ اگر وراٹ آج اس ہدف کا پیچھا کرلیتے ہیں تو پاکستان میں لوگ میرا گھر توڑ کر اس میں آگ لگا دیں گے ۔ میرا بہت برا حال ہوگا ۔
اظہر کے مطابق چونکہ وراٹ رنز کا تعاقب کرنے میں ماہر ہیں، اس لئے میرا خوف مزید بڑھ گیا ۔ میں حد سے زیادہ کشیدگی محسوس کررہا تھا ۔ خیر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کی ٹینشن دور ہوگئی ۔ دراصل محمد عامر کی گیند پر وراٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شاداب خان کو کیچ تھما بیٹھے ۔ کوہلی پانچ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور اظہر علی کی نہ صرف جان میں جان آئی بلکہ ان کا گھر بھی ٹوٹنے سے بچ گیا ۔
بتادیں کہ 2017 چیمئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے 339 رنز کے جواب میں ٹیم انڈیا ۔۔۔ اوورز میں 158 رنز بناکر ہی آل آوٹ ہوگئی تھی ۔ اس میچ میں فخر زمان نے سنچری بنائی تھی جبکہ اظہر علی نے 59 رنز بنائے تھے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔