نئی دہلی : پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے ہارنے کے ایک دن بعد کئی پاکستانی کرکٹرز ٹینس، گولف اور ٹیبل ٹینس جیسے کھیل کھیلتے ہوئے دیکھے گئے۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 7 میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز کھیلی جا رہی ہے، جس کے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ اس شکست کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے کرکٹ پریکٹس سے چھٹی لے لی اور الگ الگ گیمز کھیلتے ہوئے دیکھے گئے، جس کا ویڈیو پاکستان کرکٹ نے ٹویٹر پر شیئر کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ کی جانب سے شیئر کئے گئے ایک ویڈیو میں کپتان بابر اعظم کو لان ٹینس کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ کپتان نے اپنے جونیئر محمد حسنین کو لانگ والی دینے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے اوسط درجہ کا شاٹ دیا ، جس کے بعد دیگر کھلاڑی اپنی ہنسی نہیں روک سکے۔ اس دوران حارث رؤف نے چیئر امپائر کا کردار ادا کیا اور وہ بابر اعظم پر ہنستے بھی نظر آئے ۔
اس کے بعد بابر کو ویڈیو میں گالف کھیلتے ہوئے دیکھا گیا، جس میں انہوں نے کچھ زبردست شاٹس کھیلے۔ اس دوران انگلینڈ کے جوس بٹلر اور سیم کرن بھی ان کے ساتھ تھے۔
پاکستان کرکٹ کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔ تاہم اس ویڈیو پر شائقین پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹرول بھی کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کراچی میں انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان آئی ہے اور اپنے دورے کا آغاز جیت سے کیا ہے ۔ اوپنر ایلکس ہیلز نے 40 گیندوں پر 53 رنز بنا کر انگلینڈ کی ٹیم میں واپسی کا جشن منایا۔
انگلینڈ نے 159 رنز کے ہدف کا تعاقب 19.2 اوورز میں آسانی سے کر لیا۔ ہیلز پر اپریل 2019 میں ڈرگس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد پابندی لگا دی گئی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ کو سات میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔