IPL 2023 : رہانے کی شاندار اننگز، اسپنر کے سامنے ممبئی انڈینز نے کی خودسپردگی، چنئی نے وانکھیڑے میں دکھایا دم
IPL 2023 : رہانے کی شاندار اننگز، اسپنر کے سامنے ممبئی انڈینز نے کی خودسپردگی، چنئی نے وانکھیڑے میں دکھایا دم (AP)
MI vs CSK : بائیں ہاتھ کے اسپنرز کے بعد اجنکیا رہانے کے دھماکہ کی بدولت چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو اس کے گھر پر شکست کا سامنا کرنے پر مجبور کردیا۔ آئی پی ایل کے 12ویں میچ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔
نئی دہلی : بائیں ہاتھ کے اسپنرز کے بعد اجنکیا رہانے کے دھماکہ کی بدولت چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو اس کے گھر پر شکست کا سامنا کرنے پر مجبور کردیا۔ آئی پی ایل کے 12ویں میچ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ اس میچ کو فٹ بال کے 'ایل کلاسیکو' کی طرح دیکھا جا رہا تھا۔ ممبئی نے دھماکہ دار آغاز کیا، لیکن بعد میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں، جس کی وجہ سے ٹیم 8 وکٹوں پر صرف 157 رنز ہی بنا سکی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اجنکیا رہانے نے چنئی کو دھماکہ دار شروعات دلائی ۔ رہانے نے آتے ہی چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی۔ اس کے بعد ریتوراج گائیکواڑ نے باقی کام کیا۔ سی ایس کے نے ممبئی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر لگاتار دوسری جیت درج کی جب کہ ممبئی کی یہ لگاتار دوسری ہار ہے۔
چنئی کو پہلا جھٹکا صفر کے اسکور پر لگ گیا تھا۔ بیہرنڈرون نے سلامی بلے باز ڈیون کانوے کو بولڈ کرکے چنئی کو بڑا جھٹکا دیا۔ لیکن اس کا اجنکیا رہانے پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ رہانے آتے ہی ارشد خان کی گیندوں کو باؤنڈری کے پار پہنچانے لگے۔ انہوں نے 27 گیندوں میں 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ شیوم دوبے 26 گیندوں میں 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ریتوراج گائیکواڑ نے ناٹ آوٹ 40 رنز بنائے۔ سی ایس کے نے 18.1 اوور میں 3 وکٹ پر 159 رن بنالئے اور میچ اپنے نام کرلیا۔ امباتی رائیڈو 20 رنز بناکر ناٹ آوٹ واپس لوٹے۔ اس سے پہلے بائیں ہاتھ کے اسپنرز رویندر جڈیجہ اور مچیل سینٹنر کی اسپن کی بدولت چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 8 وکٹوں پر 157 رنز پر روک دیا۔ میچ کے پہلے ہی اوور میں تیز گیند باز دیپک چاہر کے زخمی ہونے کی وجہ سے چنئی کو دھچکا لگا تھا، لیکن جڈیجہ اور سینٹنر نے مڈل اووروں میں شاندار گیند بازی کی اور ممبئی کو بیک فٹ پر لانے کیلئے ان دونوں نے پانچ وکٹیں لیں ۔ جڈیجہ نے چار اوور میں 20 رن دے کر تین اور سینٹنر نے چار اوورز میں 28 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
تشار دیش پانڈے نے دو اور آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والی سسانڈا مگالا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ممبئی کی جانب سے ایشان کشن نے 21 گیندوں میں سب سے زیادہ 32 رنز بنائے جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 22 گیندوں میں 31 رنز بنائے۔
کپتان روہت شرما اور کشن نے پہلے چار اوورز میں 38 رنز کی شراکت داری کرکے ممبئی انڈینز کو اچھی شروعات دلائی ۔ روہت (13 گیندوں میں 21 رن) نے پہلے دو اووروں میں دیپک اور دیش پانڈے کے خلاف کل تین چوکے لگائے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔