سابق لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے اس کھلاڑی کو بتایا پاکستان کا اگلا کپتان ، جم کر کی تعریف
پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان وسیم اکرم نے محمد عامر پر ہر جانب سے تنقید کے باوجود انہیں اب بھی بہترین فاسٹ بولر اور مستقبل کا کپتان قراردیا ہے۔
- UNI
- Last Updated: Apr 08, 2019 08:05 PM IST

وسیم اکرم: فائل فوٹو
پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان وسیم اکرم نے محمد عامر پر ہر جانب سے تنقید کے باوجود انہیں اب بھی بہترین فاسٹ بولر اور مستقبل کا کپتان قراردیا ہے۔ ٹیم کے تین سابق کپتانوں وسیم اکرم، وقار یونس اور رمیز راجہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان نے روا ں سال مئی سے انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے متفقہ طور پر 9 کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ ان تمام کھلاڑیوں نے حیران کن طور پر جار ح مزاج بلے باز آصف علی کو اپنی ٹیم میں شامل کیا جو پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے (26) لگانے کے ساتھ ساتھ بہترین اسٹرائیک ریٹ (182.46) کے ساتھ بلے باز ی کرچکے ہیں ۔
ستائیس سالہ آصف علی نے آخری مرتبہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کے نمائندگی کی تھی اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی کمی ٹیم کو شدت سے محسوس ہوئی ، جہاں آخری 10اوور ز میں پاکستانی بیٹنگ لائن اپ میں کوئی تیز کھیلنے والا کھلاڑی موجود ہی نہیں تھا۔
چارو ں سابق کرکٹرز کے اسکواڈ میں مشترکہ طور پر موجود دیگر کھلاڑیو ں میں اوپنرز فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، آل راؤنڈر فہیم اشرف، فاسٹ بالر حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔
ماضی کے ان تمام کرکٹرز نے یاسر شاہ، شان مسعود اور عثمان شنواری میں سے کسی کو بھی اپنے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا حالانکہ عثمان شنواری نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے میں 4 شکار کیے تھے اور ان کی ون ڈے کرکٹ میں بالنگ اوسط 20 سے کم ہے۔