نئی دہلی. بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سیکریٹری جئے شاہ نے واضح کردیا ہے کہ ٹیم انڈیا پاکستان جا کر ایشیا کپ میں حصہ نہیں لے گی۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ رمیز راجہ کو مرچی لگ گئی اور انہوں نے ہندوستان میں ہونے والے 2023 ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دے ڈالی۔ اب سابق ہندوستانی اوپنر گوتم گمبھیر نے اس بیان پر اپنا ردعمل دیا ہے۔
گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر رمیز راجہ اپنے بیان سے کافی سرخیوں بٹوری ہیں۔ مختلف پلیٹ فارمز پر وہ ہندوستان میں منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کے اپنے نقطہ نظر کو دہرا رہے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستانی ٹیم پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے نہیں آتی تو ان کی ٹیم بھی اگلے سال ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے نہیں جائے گی۔ جب پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے نہیں جائے گی تو دیکھتے ہیں کون کون ٹورنامنٹ دیکھتا ہے۔
اس بیان پر سابق ہندوستانی اوپنر گوتم گمبھیر نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ اپنے دل سے کھل کر بات کرنے والے گمبھیر نے ANI سے کہا یہ فیصلہ بی سی سی آئی اور پی سی بی کو مل کر لینا ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے اسے وہ آپس میں ہی ساتھ مل کر لیں گے۔
ہندوستان کے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے بھی رمیز کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ صحیح وقت کا انتظار کریں، ہندوستان عالمی کرکٹ میں ایک بڑی طاقت ہے اور کوئی بھی ملک ہندوستان کو نظر انداز کرنے کی غلطی نہیں کر سکتا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔