سوریہ کمار یادو T20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر، شریس ایئر، روی بشنوئی اور کلدیپ کو بھی فائدہ
سوریہ کمار یادو T20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر، شریس ایئر، روی بشنوئی اور کلدیپ کو بھی فائدہ (AP)
ICC T20 Rankings: ہندوستانی بلے باز سوریہ کمار یادو بدھ کو جاری تازہ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ ہم وطن شریس ائیر دو درجے ترقی کر کے 19ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
نئی دہلی : ہندوستانی بلے باز سوریہ کمار یادو بدھ کو جاری تازہ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ ہم وطن شریس ائیر دو درجے ترقی کر کے 19ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹاپ پر ہیں۔ وہیں سوریہ کمار یادو 805 پوائنٹس کے ساتھ ہندوستانی کھلاڑیوں میں ٹاپ پر ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی سیریز کے آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں 40 گیندوں پر 64 رنز بنانے والے شریس ایئر پہلے 4 میچوں میں کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے تھے ۔ گیند بازوں میں اسپنر روی بشنوئی اور کلدیپ یادو کو رینکنگ میں بڑا فائدہ ہوا ہے۔
21 سالہ روی بشنوئی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل سیریز کے دو میچوں میں چھ وکٹیں لے کر 50 درجے کی چھلانگ لگا کر 44 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔ وہیں چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو نے آخری ٹی 20 میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں اور وہ 58 درجے کی چھلانگ لگا کر اب وہ 87 ویں نمبر پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔
سینئر تیز گیند باز بھونیشور کمار ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی کارکردگی کے باوجود ایک پائیدان نیچے نویں نمبر پر پہنچ گئے۔ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس کو ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں کافی فائدہ ہوا ہے، وہ آئرلینڈ کے خلاف 2-0 کی سیریز جیتنے کے دوران 74 اور 42 رنز کی اننگز کی بدولت 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔
جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج 10 درجے بہتری کے ساتھ گیند بازوں کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز لنگی انگیڈی (23ویں نمبر) اور نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن (31 ویں نمبر) نے بھی اپنی رینکنگ میں بہتری کی ہے ۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم بدستور ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں نمبر ون بلے باز ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ اور افغانستان کے محمد نبی بالترتیب گیند باز اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں ٹاپ پر قابض ہیں۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔