ہوم » نیوز » اسپورٹس

ICC T20I Ranking : ڈی کاک کو ہوا بڑا فائدہ ، ٹاپ 10 میں ہندوستان کا کوئی گیند باز نہیں

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ (ICC T20I Ranking) میں ٹاپ 7 بلے بازوں کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ، لیکن جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک ایک مقام آگے بڑھ کر اب 8 ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔

  • UNI
  • Last Updated: Sep 15, 2021 06:57 PM IST
  • Share this:
ICC T20I Ranking : ڈی کاک کو ہوا بڑا فائدہ ، ٹاپ 10 میں ہندوستان کا کوئی گیند باز نہیں
ICC T20I Ranking : ڈی کاک کو ہوا بڑا فائدہ ، ٹاپ 10 میں ہندوستان کا کوئی گیند باز نہیں ۔ (AFP)

دبئی : جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک کوسری لنکا کے خلاف کولمبو میں منگل کو جیت کے ساتھ اختتام پذیر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ٹی 20 بلے بازی رینکنگ میں کافی فائدہ ہوا ہے ۔ ڈی کوک تین میچوں کی اس سیریز میں 153 رن بناکر ٹاپ اسکورر رہنے کے بعد چارمقامات کے فائدے سے کیرئر کے بہترین آٹھویں مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔ منگل کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انہوں نے 46 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست نصف سنچری اننگ کھیلی تھی اور ٹیم کو 10 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کیاتھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ڈی کوک ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں آئے ہیں ۔ حالانکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشنیں بالترتیب تیسری اور چھٹی ہے۔


ڈی کوک کے علاوہ بلے بازی رینکنگ میں ان کے ہم وطن ایڈن مارکرم، سری لنکا کے کوشل پریرا اور نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم اور فن ایلن کوفائدہ ہوا ہے۔ مارکرم 12 درجے کی چھلانگ کے ساتھ 11 ویں، پریرا 10 مقام کے فائدے سے 38 ویں، لیتھم 22 درجے کے فائدے سے 44 ویں اور ایلن 23 مقامات کی چھلانگ سے 66 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔


اس کے علاوہ بولنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے بیورن فارچیون اور اینریک نورتجے، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن، نسوم احمد اور مہدی حسن نے کو فائدہ ہوا ہے۔ فارچیون اور نورتجے بالترتیب 103 درجے کی لمبی چھلانگ سے 43 ویں اور 29 مقامات کے فائدے سے 71 ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں اختتام پذیرپانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آٹھ وکٹ لینے والے مستفیض دو درجے کی ترقی سے آٹھویں، جبکہ نسوم 25 مقام کے فائدے کے ساتھ 15 ویں اور مہدی چار درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔


دریں اثنا بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن ٹی 20 آل راؤنڈر رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ ادھر گیند بازوں کی رینکنگ میں ہندوستان کا کوئی بھی گیند باز ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا ہے ۔ ہندوستان کے تجربہ کار گیند باز بارہویں مقام پر رہے ۔ جبکہ اسپنر واشنگٹن سندر 18 ویں مقام کے ساتھ ٹاپ 20 میں شامل ایک دیگر ہندوستانی گیند باز ہیں ۔

اس درمیان آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ون ڈے بلے بازی رینکنگ میں آئرلینڈ کے تجربہ کار بلے باز ولیم پورٹر فیلڈ، زمبابوے کے کپتان کریگ ارون اور امریکی وکٹ کیپر بلے باز جسکرن ملہوترا کوفائدہ ہواہے۔ پورٹر فیلڈ سات نمبرکے فائدے سے 66 ویں، ایرون پانچ درجے کے فائدے سے72 ویں اورپاپوا نیوگنی کے خلاف آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپرلیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے جسکرن ملہوترا 169 درجے کی لمبی چھلانگ کے بعد 132 نمبرپر آگئے ہیں۔

ون ڈے گیندبازی رینکنگ میں آئرلینڈ کے اینڈی میک برائن اور سمی سنگھ بالترتیب سات مقامات کے فائدے سے 27 ویں اور 11 ویں مقام کی چھلانگ سے 38 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیپال کے لیگ اسپنر سندیپ لامیچھانے 19 مقامات کے فائدے سے 91 ویں اور پاپوا نیو گنی کے چارلس امینی 11 مقامات کے فائدے کے ساتھ 96 ویں نمبر پر قابض ہوگئے ہیں۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Sep 15, 2021 06:26 PM IST