WU19 T20 WC: پارشوی کی خطرناک گیند بازی، شویتا کا طوفان، نیوزی لینڈ کو ہراکر ٹیم انڈیا ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی
WU19 T20 WC: پارشوی کی خطرناک گیند بازی، شویتا کا طوفان، نیوزی لینڈ کو ہراکر ٹیم انڈیا ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی -ICC Twitter page
ICC Women's Under 19 T20 World Cup : نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ کو ٹیم انڈیا نے پارشوی چوپڑا کی خطرناک گیند بازی کے بعد شویتا سہراوت کی شاندار بلے بازی کی بدولت جیت حاصل کی۔
نئی دہلی : ہندوستانی خاتون انڈر 19 ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ کو ٹیم انڈیا نے پارشوی چوپڑا کی خطرناک گیند بازی کے بعد شویتا سہراوت کی شاندار بلے بازی کی بدولت جیت حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر صرف 107 رنز ہی بنا سکی۔ ہندوستان نے جیت کا ہدف 14.2 اوورز میں حاصل کر کے فائنل کا ٹکٹ کنفرم کر لیا۔ اب ہندوستان کا مقابلہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
ہندوستانی ٹیم نے جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرتے ہوئے کیوی ٹیم کو صرف 107 رنز پر روک دیا ۔ چارجیا پلیمر کی 35 اور ازابیل گیج کی 26 رنز کی اننگز نے کیوی ٹیم کو کچھ سنبھالا، لیکن وہ بڑے اسکور تک نہیں پہنچ سکی ۔ پارشوی چوپڑا نے 4 اوور میں 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور کیوی ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ ہندوستانی سلامی بلے باز شویتا سہراوت نے ایک اور طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں کپتان شیفالی ورما کے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے ناٹ آوٹ رہتے ہوئے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے 45 گیندوں میں 10 چوکے لگا کر 61 رنز کی اننگز کھیل کر ہندوستان کے فائنل کا ٹکٹ کنفرم کر دیا۔
ٹیم انڈیا نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ گروپ ڈی میں میزبان جنوبی افریقہ، یو اے ای اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ شامل ٹیم انڈیا نے اپنے سبھی میچ جیت کر سپر سکس میں جگہ بنائی تھی۔ یہاں اسے آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں شکست ہوئی۔
تاہم اس کے بعد ہندوستان نے سری لنکا کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھا اور اب نیوزی لینڈ کے خلاف 8 وکٹوں کی بڑی جیت حاصل کرکے ٹیم نے فائنل کا ٹکٹ کنفرم کرلیا ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔