IND vs AUS: پلیئنگ الیون کا بھی حصہ نہیں تھے یجویندر چہل اور بن گئے مین آف دی میچ ، جانئے کیسے
IND vs AUS: پلیئنگ الیون کا بھی حصہ نہیں تھے یجویندر چہل اور بن گئے مین آف دی میچ
ہندوستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی 20 میچ میں گیارہ رنوں سے شکست دیدی ۔ آل راونڈر رویندر جڈیجہ نے 44 رن بنائے ۔ جڈیجہ کے سر پر چوٹ لگنے کے بعد ان کی جگہ کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر میدان میں اترے چہل نے تین وکٹ لئے ۔ انہیں اس کارکردگی کیلئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا ۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز میں شکست کی مایوسی سے باہر نکلتے ہوئے ٹی 20 سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا ہے ۔ اس نے جمعہ کو کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو گیارہ رنوں سے ہرادیا ۔ ہندوستان کی یہ جیت اس لئے دلچسپ ہوگئی کیونکہ اس کو فاتح بنانے کا کریڈٹ یجویندر چہل کو سب سے زیادہ جاتا ہے جو پلیئنگ الیون کا بھی حصہ نہیں تھے ۔ رویندر جڈیجہ کی جگہ کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر اترے چہل نے تین وکٹ جھٹکے ۔ انہیں اس کارکردگی کیلئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا ۔ یہ ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا ہے ۔
آسٹریلیا نے کینبرا میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کرنے کیلئے مدعو کیا ۔ ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور سلامی بلے باز شیکھر دھون ایک رن اور کپتان وراٹ کوہلی نو رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد کے ایل راہل ( 51 ) ، رویندر جڈیجہ (44) اور سنجو سیمسن ( 23) کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے سات وکٹ کے نقصان پر 161 رن بنائے ، جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم سات وکٹ پر 150 رن ہی بناسکی ۔ ہندوستان کی جانب سے سب سے بہترین گیند بازی لیگ اسپنر یجویندر چہل نے کی ۔ انہوں نے چار اوور میں صرف 25 رن دے کر ایران فنچ ، اسٹیو اسمتھ اور میتھیو ویڈ کو آوٹ کیا ۔ ڈیبیو میچ کھیل رہے ٹی نٹراجن نے بھی تین وکٹ جھٹکے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایران فنچ نے 35 رن ، ڈی آرسی شارٹ نے 34 رن اور ہینرکس نے 30 رن بنائے ۔ تاہم آسٹریلیائی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہ گئی ۔
آسٹریلیا نے کینبرا میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کرنے کیلئے مدعو کیا ۔
جڈیجہ کی جگہ میدان پر اترے چہل
رویندر جڈیجہ کو بلے بازی کے دوران سر پر چوٹ لگ گئی ۔ اننگز کے 20 ویں اوور کی دوسری گیند جڈیجہ کے بلے کا کنارہ لے کر ہیلمیٹ سے جاٹکرائی ۔ جڈیجہ اس کے بعد بھی بلے بازی کرتے رہے ۔ انہوں نے مچیل اسٹارک کے اس اوور کی چوتھی اور پانچویں گیند پر چوکے بھی لگائے ۔ ہندوستان کی اننگز ختم ہونے کے بعد میڈیکل ٹیم نے جڈیجہ کی چوٹ کا جائزہ لیا اور انہیں نہیں کھیلنے کا مشورہ دیا گیا ۔ اس کے بعد ہندوستان نے جڈیجہ کی جگہ چہل کو کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر میدان میں اتارا ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔