IND vs BAN: ہندوستان کے 18 کھلاڑی 30 رنز کی اننگز بھی نہیں کھیل سکے، بنگلہ دیش نے 5 میں سے 4 میچ میں دھو ڈالا
IND vs BAN: ہندوستان کے 18 کھلاڑی 30 رنز کی اننگز بھی نہیں کھیل سکے، بنگلہ دیش نے 5 میں سے 4 میچ میں دھو ڈالا (AP)
IND vs BAN: روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا کو ون ڈے سیریز میں ہار ملی ہے ۔ بنگلہ دیش نے دوسرے ون ڈے میں ہندوستان کو پانچ رنز سے ہرادیا ۔ اسی کے ساتھ اس نے تین میچوں کی سیریز میں دو ۔ صفر کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے ۔
نئی دہلی : روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا کو ون ڈے سیریز میں ہار ملی ہے ۔ بنگلہ دیش نے دوسرے ون ڈے میں ہندوستان کو پانچ رنز سے ہرادیا ۔ اسی کے ساتھ اس نے تین میچوں کی سیریز میں دو ۔ صفر کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے ۔ پہلے میچ میں اس کو ایک وکٹ سے جیت ملی تھی ۔ بنگلہ دیش نے ہندوستان کو لگاتار دوسری باہمی ون ڈے سیریز میں ہرایا ہے ۔ اس سے پہلے 2015 میں بھی بنگلہ دیش نے گھر میں ہی ہندوستان کو دو ۔ ایک سے ہرایا تھا ۔ دوسرے میچ میں مہدی حسن کی پہلی ون ڈے سنچری کے دم پر بنگلہ دیش نے سات وکٹوں پر 271 رنز کا اچھا اسکور بنایا ۔ اس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم 50 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان 266 رنز ہی بناسکی ۔ شریس ایئر نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے ۔ آف اسپینر مہدی حسن نے گیند بازی کرتے ہوئے بھی دو وکٹ لئے ۔ آخری ون ڈے میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔
ٹیم انڈیا کے بلے باز دونوں ہی میچ میں بری طرح فلاپ رہے ۔ پہلے ون ڈے کی بات کریں تو کے ایل راہل نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے تھے ۔ دیگر 10 میں سے کوئی بھی بلے باز 30 رنز کے ہندسہ کو بھی نہیں چھوسکا تھا ۔ وہیں دوسرے ون ڈے کی بات کریں تو شریس ایئر کے علاوہ اکشر پٹیل نے 56 رنز اور روہت شرما نے 51 رنز بنائے ۔ دیگر 8 بلے باز 30 رنز کے ہندسہ تک نہیں پہنچ سکے ۔ کپتان روہت شرما فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے ۔ اس وجہ سے وہ اوپننگ کرنے کیلئے نہیں اترے ۔ سات وکٹیں گر جانے کے بعد وہ آئے اور انہوں نے 28 گیندوں میں 51 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے ۔ یعنی دونوں میچ کو ملا کر دیکھیں تو 18 بلے باز 30 رنز کی اننگز بھی نہیں کھیل سکے ، جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ۔
بنگلہ دیش نے دوطرفہ ون ڈے سیریز کے آخری پانچ میچوں میں سے چار میچ میں ٹیم انڈیا کو مات دی ہے ۔ ٹیم کو دو مرتبہ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جبکہ دو مرتبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہار ملی ہے ۔ بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف لگاتار دوسری دوطرفہ ون ڈے سیریز جیتی ۔ اس سے پہلے 2015 میں اس کو دو ۔ ایک سے جیت ملی تھی ۔ یہ دونوں کے درمیان اوور آل پانچویں دو طرفہ سیریز ہے ۔ ٹیم انڈیا تین سیریز جیتنے میں کامیاب رہی ہے ۔
بنگلہ دیش سیریز سے پہلے نیوزی لینڈ میں بھی ٹیم انڈیا کو ون ڈے سیریز میں صفر ۔ ایک سے ہار ملی تھی ۔ دو میچ بارش کی وجہ سے پورے نہیں ہوسکے تھے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔