بارش کی وجہ سے تیسرا ون ڈے میچ رد، 41 سال بعد نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو لگاتار دو سیریز میں ہرایا
بارش کی وجہ سے تیسرا ون ڈے میچ رد، 41 سال بعد نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو لگاتار دو سیریز میں ہرایا (AP)
India vs New Zealand 3rd ODI 2022: کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ون ڈے سیریز 1-0 سے جیت لی ہے۔ تیسرے اور آخری میچ میں کیوی ٹیم اچھی پوزیشن میں تھی ۔ تاہم یہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ۔
نئی دہلی : کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ون ڈے سیریز 1-0 سے جیت لی ہے۔ تیسرے اور آخری میچ میں کیوی ٹیم اچھی پوزیشن میں تھی ۔ تاہم یہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ۔ اس سے پہلے کیوی ٹیم نے پہلا میچ 300 سے زیادہ رنز بنا کر جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا ۔ وہیں ٹی 20 سیریز ٹیم انڈیا نے 1-0 سے جیتی تھی ۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست کا بدلہ بھی لے لیا ۔ تیسرے ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف 219 رنز بنا سکی ۔ واشنگٹن سندر نے سب سے زیادہ 51 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے 18 اوورز میں ایک وکٹ پر 104 رنز بنا لئے تھے جب بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تھا۔ ڈیون کانوے 38 اور ولیمسن 0 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ون ڈے سیریز جیتنے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے 41 سال پرانا ریکارڈ ایک بار پھر دوہرا دیا ۔ کیوی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف مسلسل دوسری ون ڈے سیریز جیتی ۔ اس نے پچھلی سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے پہلے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ میں 1981 میں انجام دیا گیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو سلامی بلے باز ڈیون کانوے اور فن ایلن نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 16.3 اوورز میں 97 رنز جوڑے۔ ایلن 54 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد تیز گیند باز عمران ملک کا شکار بنے۔ انہوں نے 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
اس سے پہلے بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم آخری ون ڈے میں 47.3 اوورز میں 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ آدھی ٹیم 25.3 اوورز میں پویلین لوٹ چکی تھی۔ صرف واشنگٹن سندر (64 گیندوں میں 51 رنز، 5 چوکے اور 1 چھکا) ہی نصف سنچری اننگز کھیل سکے، جس کی وجہ سے ٹیم 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔
اس اسپن آل راؤنڈر نے پہلے ون ڈے میں بھی ہندوستان کے 7 وکٹوں پر 306 رنز کی اننگز میں 16 گیندوں پر ناٹ آوٹ 37 رنز بناکر اپنی قابلیت کا مظاہرہ کیا تھا ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔