شریس ایئر ۔ ایشان کشن کی طوفانی اننگز سے جیتا ہندوستان، جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے ہرایا
شریس ایئر ۔ ایشان کشن کی طوفانی اننگز سے جیتا ہندوستان، جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے ہرایا ۔ تصویر : AP
India vs South Africa 2nd ODI Match Report: رانچی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کے سامنے جیت کے لیے 279 رنز کا ہدف رکھا ۔ ٹیم انڈیا نے شریس ائیر کی ناٹ آوٹ سنچری اور ایشان کشن کی 93 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت 3 وکٹ گنوا کر میچ جیت لیا۔
نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ رانچی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کے سامنے جیت کے لیے 279 رنز کا ہدف رکھا ۔ ٹیم انڈیا نے شریس ائیر کی ناٹ آوٹ سنچری اور ایشان کشن کی 93 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت 3 وکٹ گنوا کر میچ جیت لیا۔ شریس ایئر نے 113 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی اور انہوں نے ون ڈے کیریئر کی اپنی دوسری سنچری بنائی ۔ وہیں سنجو سیمسن 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ تین میچوں کی سیریز اب 1-1 سے برابر ہوگئی ۔ فائنل اور فیصلہ کن میچ 11 اکتوبر کو کھیلا جائے گا ۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ شیکھر دھون 13 رنز بناکر وین پرنل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اچھی فارم میں نظر آرہے شبھمن گل نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیلی اور کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ایشان کشن اور شریس ایئر نے شاندار اننگز کھیلی اور میدان کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔ ایئر اور کشن نے تیسری وکٹ کیلئے 161 رنز کی شراکت داری کی۔ کشن نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں 84 گیندوں پر 4 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایڈن مارکرم (79) اور ریزا ہینڈرکس (74) کی نصف سنچریوں کی بدولت سات وکٹوں پر 278 رنز بنائے۔ ہینڈرکس نے اپنی 76 گیندوں کی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ مارکرم نے اپنی 89 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ڈیوڈ ملان نے 34 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہندوستانی گیند بازوں نے میچ کے ابتدائی اور آخری اوورز میں شاندار گیند بازی کی، جس میں محمد سراج نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔ سراج نے 10 اوورز میں 38 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کیں۔ واشنگٹن سندر (60 رن پر 1 دے کر)، ڈیبیو کرنے والے شہباز احمد (54 رن پر 1)، کلدیپ یادو (49 رن پر ایک دے کر) اور شاردل ٹھاکر (36 رن دے کر ایک) نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ریگولر کپتان ٹیمبا باوما کی غیر موجودگی میں جنوبی افریقہ کی قیادت کر رہے کیشو مہاراج نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔