IND vs SL: ہندوستان کو ملی ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی جیت، پہلی مرتبہ کوئی ٹیم 300 رنز سے ہاری
ہندوستان کو ملی ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی جیت، پہلی مرتبہ کوئی ٹیم 300 رنز سے ہاری (AP Image)
IND vs SL 3rd ODI: ٹیم انڈیا نے ون ڈے کرکٹ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس نے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی۔ یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی جیت ہے۔
نئی دہلی : ٹیم انڈیا نے ون ڈے کرکٹ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس نے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی۔ یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی جیت ہے۔ میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے ٹیم انڈیا نے 5 وکٹ پر 390 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ وراٹ کوہلی اور شبھمن گل نے سنچری بنائی ۔ جواب میں سری لنکائی ٹیم 22 اوورز میں 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھنڈارا نے چوٹ کی وجہ سے بلے بازی نہیں کی۔ تیز گیند باز محمد سراج نے شاندار گیند بازی کی اور 32 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا۔ سری لنکا کی ٹیم کبھی بھی ہندوستان کو ون ڈے سیریز میں اس کے گھریلو میدانوں پر ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے ۔ اس سے پہلے بڑی جیت کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے نام تھا۔ انہوں نے 2008 میں آئرلینڈ کو 290 رنز سے شکست دی تھی ۔ ہدف کا تعاقب کرنے کیلئے اتری سری لنکا کی ٹیم کبھی میچ میں نظر نہیں آئی۔ ان کی 5 وکٹیں صرف 37 رنز پر گر گئیں۔ اس کے بعد کپتان داسن شناکا سے توقع کی جارہی تھی، لیکن بھی وہ صرف 11 رنز بناکر بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو کا شکار بن گئے۔ 7 بلے باز دوہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچ سکے۔ سراج کے علاوہ محمد سمیع اور کلدیپ یادو نے بھی 2-2 وکٹیں حاصل کیں ۔
اس سے پہلے ٹیم انڈیا کی ون ڈے میں سب سے بڑی جیت 257 رنز کی تھی۔ مارچ 2007 میں ہندوستان نے برمودا کو ورلڈ کپ کے ایک میچ میں 257 رنز سے شکست دی تھی ۔ یہ میچ ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا تھا۔ ٹیم انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر 413 رنز بنائے تھے۔ وریندر سہواگ نے سنچری بنائی تھی۔ جواب میں برمودا کی پوری ٹیم 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ اس کے علاوہ 2008 میں ہندوستان نے کراچی میں ہانگ کانگ کے خلاف 256 رنز سے بڑی جیت حاصل کی تھی ۔
علاوہ ازیں ٹیم انڈیا نے مزید 3 میچ 200 یا اس سے زیادہ رنز سے جیتے ہیں۔ 2022 میں اس نے بنگلہ دیش کو 227 رنز سے، 2018 میں ویسٹ انڈیز کو 224 رنز سے اور 2003 میں بنگلہ دیش کو 200 رنز سے شکست دی تھی ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔