ہوم » نیوز » اسپورٹس

Ind vs SL, 2nd ODI: دیپک چاہر ۔ بھونیشور کمار کی بیٹنگ نے پلٹی ہاری بازی ، ٹیم انڈیا نے جیتا میچ، سیریز پر بھی قبضہ

India vs Sri Lanka, 2nd ODI : سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ٹیم انڈیا نے تین وکٹ سے دلچسپ جیت حاصل کرکے سیریز پر بھی اپنا قبضہ جما لیا ہے ۔

  • Share this:
Ind vs SL, 2nd ODI: دیپک چاہر ۔ بھونیشور کمار کی بیٹنگ نے پلٹی ہاری بازی ، ٹیم انڈیا نے جیتا میچ، سیریز پر بھی قبضہ
دیپک چاہر ۔ بھونیشور کی بیٹنگ نے پلٹی ہاری بازی ، ٹیم انڈیا نے جیتا میچ، سیریز پر بھی قبضہ ۔ (PC-AP)

نئی دہلی : سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ٹیم انڈیا نے تین وکٹ سے دلچسپ جیت حاصل کرکے سیریز پر بھی اپنا قبضہ جما لیا ہے ۔ دوسرے میچ میں ٹیم انڈیا کو 276 رنوں کا ہدف ملا تھا اور شیکھر دھون کی ٹیم نے پانچ گیند پہلے ہی ہدف حاصل کرلیا ۔ بتادیں کہ ایک وقت پر ہندوستانی ٹیم نے 160 رن پر چھ وکٹ گنوا دئے تھے ، لیکن اس کے باوجود وہ جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ۔ ہندوستانی ٹیم کی جیت کی اسکرپٹ سوریہ کمار یادو اور دیپک چاہر کی نصف سنچری کی اننگز نے لکھی ۔ سوریہ کمار نے ون ڈے کریئر کی پہلی نصف سنچری بناتے ہوئے 53 رن بنائے وہیں دیپک چاہر نے بھی پہلی مرتبہ ون ڈے میں نصف سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیا اور ٹیم انڈیا کو شاندار جیت دلائی ۔


خاص طور پر دیپک چاہر نے بھونیشور کمار کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے 84 رنوں کی پارٹنرشپ کرکے سری لنکا سے میچ چھین لیا ۔ دیپک چاہر نے سات وکٹ گرنے کے باوجود بھونیشور کمار کے ساتھ 55 گیندوں میں نصف سنچری کی شراکت داری پوری کی ۔ چاہر نے انتہائی دباو میں 64 گیندوں میں اپنی نصف سنچری بھی پوری کی اور ٹیم انڈیا کو جیت دلاکر ہی پویلین لوٹے ۔ ٹیم انڈیا کیلئے پرتھوی شا نے 13 رن ، شیکھر دھون نے 29 رن ، ایشان کشن نے ایک رن ، منیش پانڈے نے 37 رن ، سوریہ کمار نے 53 رن ، ہارک پانڈیا صفر ، دیپک چاہر 69 رن اور بھونیشور کمار 19 رن بنائے ۔


اس سے پہلے سلامی بلے باز اوشکا فرنانڈو (50) اور چرت اسلنکا (65) کی نصف سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے ہندستان کو 276 رن کا چیلنجنگ ہدف دیا ۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوور میں نو وکٹ کھوکر 275 رن بنائے۔ سلامی بلے بازوں اوشکا فرنانڈو اور منود بھنوکا نے اچھی شروع دی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لئے 71 رن کی شراکت کی۔ فرنانڈو نے جہاں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 گیندوں پر پچاس، وہیں بھنوکا چھ چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 36 رن بنائے۔


اس درمیان ہندوستان کے چالاک لیگ اسپنر یوجویندر چہل نے ٹیم کو واپسی کرائی۔ چہل نے 14 ویں اوور کی دوسری گیند پر 77 کے اسکور پر بھنوکا کو شارٹ لیگ پر منیش پانڈے کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکر اس شراکت کو توڑ ا۔ پھری تیسری گیند پر بھنوکا راج پکشے کو آوٹ کرکے چہل نے ہیٹ ٹرک کا موقع بنایا بہرحال ہیٹ ٹرک نہیں ہوسکی۔

مسلسل دو وکٹ گرنے کے بعد اوشکا فرنانڈو اور دھننجے دی سلوا نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے مل کر تیسرے وکٹ کے لئے 47 رن کی اہم شراکت کی، لیکن اسے لمبی نہیں بنا سکے اور 124 کے اسکور پر فرنانڈو کی شکل میں تیسرا اور 134 کے اسکور پر دھننجے کے طورپر سری لنکا کا چوتھا وکٹ گرا۔ فرنانڈو پچاس اور دھننجے 32 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد چرت اسلنکا اور چمیکا کرونا رتنے نے کریز پر پیر جمائے اور جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 275 کے چیلنجنگ اسکور تک پہنچایا۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کے لئے 50 رن جوڑے۔

ہندستان کی طرف سے نائب کپتان بھونیشور کمار نے دس اوور میں 54 رن دیکر تین، یوجویندر چہل نے دس اوور میں پچاس رن دیکر تین اور دیپک چہار نے آٹھ اوور میں 53 رن دیکر دو وکٹ لئے۔

نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ ۔ 
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 21, 2021 12:08 AM IST