ہوم » نیوز » اسپورٹس

IND VS ENG: وراٹ بریگیڈ کی زوردار واپسی ، انگلینڈ کو 8 رنوں سے ہرایا ، سیریز میں کی برابری

India vs England: ہندوستان نے چوتھا ٹی ٹوینٹی میچ دلچسپ انداز میں جیت لیا ہے ۔ سوریہ کمار یادو نے 57 رن بنائے ۔ شاردل ٹھاکر نے ایک ہی اوور میں مورگن اور بین اسٹوکس کو آوٹ کرکے میچ کا رخ ہی پلٹ دیا ۔

  • Share this:
IND VS ENG: وراٹ بریگیڈ کی زوردار واپسی ، انگلینڈ کو 8 رنوں سے ہرایا ، سیریز میں کی برابری
IND VS ENG: وراٹ بریگیڈ کی زوردار واپسی ، انگلینڈ کو 8 رنوں سے دی مات، سیریز میں کی برابری ۔ تصویر : اے ایف پی ۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں ٹیم انڈیا نے زبردست واپسی کی ہے ۔ احمد آباد میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوینٹی میچ میں ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو آٹھ رنوں سے ہرادیا ۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 185 رن بنائے ، لیکن انگلینڈ کی ٹیم ہدف حاصل نہیں کرسکی اور وہ آٹھ وکٹ کے نقصان پر 177 رن ہی بناسکی ۔ انگلینڈ کیلئے اسٹوکس نے 46 رن اور جیسن رائے نے 40 رن کی شاندار اننگز کھیلی ۔ ہندوستان کیلئے شاردل ٹھاکر نے سب سے زیادہ تین وکٹ جھٹکے ۔ ہاردک پانڈیا اور چاہر نے دو دو وکٹ اپنے نام کئے ۔


بتادیں کہ ایک وقت پر انگلینڈ جیت کی جانب سے بڑھ رہا تھا ، لیکن سترہویں اوور میں شاردل ٹھاکر نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹ جھٹک کر میچ ہندوستان کی جانب موڑ دیا ۔ شاردل ٹھاکر نے پہلے بین اسٹوکس اور پھر انگلینڈ کے کپتان مورگن کو آوٹ کیا ۔


انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر بلے باز تیزی سے رن نہیں بناسکے ۔ وکٹ کیپر جوس بٹلر نو رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ ڈیوڈ ملان 17 گیندوں پر 14 رن بنا پائے ۔ حالانکہ اس کے بعد جیسن رائے اور جانی بیرسٹو نے اننگز کو آگے بڑھایا ۔ جیسن رائے ایک مرتبہ پھر 40 رن کے اسکور پر پہنچتے ہی آوٹ ہوگئے ۔ انہیں ہاردک پانڈیا نے آوٹ کیا ۔ پانچویں نمبر پر اترے بین اسٹوکس نے 23 گیندوں پر 46 رن بناکر میچ کے رخ کو انگلینڈ کی طرف موڑنے کی کوشش کی ۔ تاہم پہلے راہل چاہر نے بیرسٹو کو آوٹ کیا اور پھر شاردل ٹھاکر نے ایک ہی اوور میں مورگن اور اسٹوکس کو پویلین بھیج کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کردی ۔


اس سے پہلے سوریہ کمار یادو کی شاندار نصف سنچری اور سریش ایئر کی تیز رفتار اننگز کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوینٹی میچ میں 185 رنوں کا اسکور کھڑا کیا ۔ ایشان کشن کے زخمی ہونے سے ٹیم میں جگہ بنانے والے سوریہ کمار نے آوٹ ہونے سے پہلے 31 گیندوں پر 57 رن بنائے ، جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ ائیر نے 37 رن بنائے جبکہ پنت نے 30 رن بنائے ۔

انگلینڈ کی طرف سے سب سے کامیاب گیند باز آرچر رہے ، جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 18, 2021 11:42 PM IST