ہوم » نیوز » اسپورٹس

Ind vs NZ, 4th T20I : سیریز تو جیت گئے ، اب نیوزی لینڈ سے دھونی اور روہت شرما کا بدلہ لینا ہے ! ۔

ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 مقابلے کو سپر اوور میں جیت کے ساتھ تاریخ رقم کر چکی ہے اور جمعہ کو ہونے والے چوتھے میچ میں وہ اپنی جیت کے سلسلے کو 4-0 پہنچانے کے مقصد کے ساتھ اترے گی ۔

  • UNI
  • Last Updated: Jan 30, 2020 10:53 PM IST
  • Share this:
Ind vs NZ, 4th T20I : سیریز تو جیت گئے ، اب نیوزی لینڈ سے دھونی اور روہت شرما کا بدلہ لینا ہے ! ۔
سیریز تو جیت گئے ، اب نیوزی لینڈ سے دھونی اور روہت شرما کا بدلہ لینا ہے ! ۔

وراٹ کوہلی کی زیر قیادت ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی  20 مقابلے کو سپر اوور میں جیت کے ساتھ تاریخ رقم کر چکی ہے اور جمعہ کو ہونے والے چوتھے میچ میں وہ اپنی جیت کے سلسلے کو 4-0 پہنچانے کے مقصد کے ساتھ اترے گی ۔ ہندستانی ٹیم نے تیسرا میچ جیتنے کے ساتھ پہلی بار نیوزی لینڈ کی زمین پر ٹی -20 سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کردی ہے۔ نیوزی لینڈ کے پاس تیسرے میچ میں فتح حاصل کرنے کے تمام موقع تھے ، لیکن اس نے تمام موقع گنوا دیے۔ کیوی ٹیم نے پہلے میچ میں 203 کا اسکور بنایا ، لیکن اس کے بولر اس کا دفاع نہیں کر پائے جبكہ دوسرے میچ میں اس کا اسکور اتنا چھوٹا تھا کہ اس کے گیند بازوں کے پاس دفاع کرنے کے لئے کچھ نہیں بچا تھا۔


تیسرے میچ میں اسے آخری اوور میں پانچ گیندوں میں صرف تین رن بنانے تھے ، لیکن کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر ایسا نہیں کر پائے اور تیز گیند باز محمد سمیع کو اپنے وکٹ گنوا بیٹھے۔ اسکور ٹائی رہا اور میزبان ٹیم ایک بار پھر سپر اوور میں میچ گنوا بیٹھی۔ سپر اوور میں ٹم ساؤتھی کو آخری دو گیندوں پر ہندستان کو 10 رن بنانے سے روکنا تھا ، لیکن ساؤتھی ہندوستانی اوپنر روہت شرما سے دو چھکے کھا بیٹھے۔ ہندستانی ٹیم اب مسلسل چھ ٹی -20 میچ جیت چکی ہے اور چوتھے میچ میں بھی وہ جیت کے مضبوط دعویدار کے طور پر اترے گی ۔ نیوزی لینڈ کو اب سپر اوور کی مایوسی سے نکل کر چوتھے میچ میں واپسی کرکے اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کرنا ضروری ہے۔ ولیمسن کے لئے یہ ہار اور بھی مایوس کن رہی کیونکہ وہ اپنے کیریئر کی 95 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے کے باوجود اپنی ٹیم کو جیت نہیں دلا سکے۔


دراصل ولیمسن سنچری کے قریب تھے اور کیوی ٹیم کو جیت کے لئے صرف دو رن چاہئے تھے۔ ولیمسن سنچری مکمل کرنے کی جلدی میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ سنگل لے کر ان کی ٹیم جیت سکتی تھی ۔ تعریف کرنی ہوگی سمیع کی جنہوں نے نئے بلے باز کو چوتھی گیند پر کوئی رن نہیں لینے دیا اور پانچویں گیند پر صرف بائی کا ایک رن دیا۔ اگرچہ اسکور ٹائی ہو چکا تھا لیکن ٹیلر دباؤ میں آ چکے تھے اور آخری گیند پر بولڈ ہو گئے۔ یہ ہار ولیمسن اور ٹیلر کو طویل عرصے تک یاد رہے گی ۔ جبکہ شکست کے دہانے سے جیت چھین لینے والی ٹیم انڈیا کو یہ جیت طویل عرصے تک یاد رہے گی ۔

First published: Jan 30, 2020 10:53 PM IST