نئی دہلی : ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا تیار ہے۔ بی سی سی آئی نے پیر کو ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کے لئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ روہت شرما کو کمان سونپی گئی ہے۔ وہیں تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کی واپسی ہوئی ہے۔ دونوں تیز گیندباز انجری کے باعث ٹی ٹوینٹی ایشیا کپ میں نہیں کھیل سکے تھے۔ کئی ایکسپرٹس محمد سمیع کے بارے میں کہہ رہے تھے کہ انہیں ٹیم میں جگہ دی جانی چاہئے، لیکن انہیں موقع نہیں ملا۔ سمیع نے آئی پی ایل 2022 میں چیمپیئن ٹیم گجرات ٹائٹنز کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جانا ہے۔ ہندوستان نے 2007 کے بعد سے ٹی ٹویٹنی ورلڈ کپ کا خطاب نہیں جیتا ہے۔ وہیں ٹیم 2013 کے بعد سے آئی سی سی ٹرافی جیتنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
بی سی سی آئی سے ملی جانکاری کے مطابق محمد سمیع، روی بشنوئی، شریس ایئر اور دیپک چاہر کو اسٹینڈ بائی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ یعنی کوئی کھلاڑی زخمی ہوتا ہے تو ہی انہیں موقع ملے گا۔ ٹیم انڈیا نے حال ہی میں ایشیا کپ میں حصہ لیا تھا۔ تاہم ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی تھی۔ گروپ راؤنڈ میں ٹیم نے پاکستان اور ہانگ کانگ کو شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی وہ سپر 4 میں پاکستان اور سری لنکا سے ہار گئی تھی۔ جبکہ ٹیم نے افغانستان کے خلاف جیت حاصل کی تھی۔ سری لنکا نے چھٹی مرتبہ ایشیا کپ کا خطاب جیت کر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔ فائنل میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی ۔
وراٹ کوہلی نے ایشیا کپ سے پہلے بریک لیا تھا ۔ ان کی فارم پر سوالات اٹھ رہے تھے۔ لیکن انہوں نے ایشیا کپ میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچریوں کی مدد سے ٹیم کے لئے سب سے زیادہ رنز بنا کر فارم میں واپسی کا اشارہ دیدیا ہے۔ علاوہ ازیں تیز گیند باز بھونیشور کمار نے بھی 11 وکٹیں حاصل کیں۔ نوجوان بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ نے بھی ڈیتھ اوورز میں شاندار گیندبازی کرکے سب کی توجہ کھینچ لی ۔
ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی اسکواڈ
5 بلے باز
روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، دیپک ہوڈا ۔
2 وکٹ کیپر
ریشبھ پنت، دنیش کارتک
2 آل راؤنڈر
ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل
2 اسپن گیند باز
یجویندر چہل، آر اشون
4 تیز گیند باز
جسپریت بمراہ، ہرشل پٹیل، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔