کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میدان پر جب کولکاتہ نائیٹ رائیڈرز کے لئے سب کچھ ختم دکھائی دے رہا تھا کہ تبھی آندرے رسل کی شکل میں کیریبین طوفان اٹھا جس میں سنرائزرس حیدرآباد کی امیدیں اڑ گئیں۔ رسیل نے محض 19 گیندوں پر ناٹ آوٹ 49 رن کی کرشمائی اننگز کھیل کر اتوار کو کولکاتہ کو دو گیند باقی رہتے چھ وکٹ سے حیرت انگیز جیت دلا دی۔
حیدرآباد نے آسٹریلیا کے خطرناک اوپنر ڈیوڈ وارنر کی 85 رنز کی زبردست اننگز تین وکٹ پر 181 رن کا مضبوط اسکور بنایا۔ کولکتہ نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 15.3 اوور میں اپنے چار وکٹ 118 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن رسل نے 19 گیندوں میں چار چوکے اور چار چھکے اڑاتے ہوئے ناقابل شکست 49 رنز بنائے اور کولکاتo کو فتح دلا دی۔
نوجوان بلے باز شبھمن گل نے صرف 10 گیندوں پر دو چھکے اڑا کر ناٹ آؤٹ 18 رن بنائے اور کولکاتا کے لئے جیت کاچھکا مارا۔ کولکتہ نے 19.4 اوور میں چار وکٹ پر 183 رن بنا کر جیت اپنے نام کی۔
رسل اور گل نے پانچویں وکٹ کے لئے صرف 25 گیندوں میں 65 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھےداری کی۔ حیدرآباد کی ڈیتھ اوورز کی بولنگ کافی خراب رہی۔ حیدرآباد نے 18 ویں اوور میں 19 رنز، 19 ویں اوور میں 21 رن اور 20 ویں اوور 14 رن دے کر ہار کو گلے لگا لیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کولکتہ نے کرس لن کو دوسرے ہی اوور میں گنوا دیا۔ بنگلہ دیش کے لیفٹ آرم اسپنر شکیب الحسن نے لن کو بولڈ کیا۔ لن 11 گیندوں میں سات رن ہی بنا سکے۔ نتیش رانا نے رابن اتھپا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 80 رن جوڑے۔ اتھپا کو تیز بولر سدھارتھ کول نے بولڈ کیا۔ اتھپا نے 27 گیندوں پر 35 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اتھپا کا وکٹ 87 کے اسکور پر گرا۔

کپتان دنیش کارتک جلدی آؤٹ ہو کر اپنی ٹیم کو مایوس کر گئے۔ کارتک نے چار گیندوں میں دو رنز بنائے اور انہیں سندیپ شرما نے بھونیشور کمار کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کارتک کا وکٹ 95 کے اسکور پر گرا۔ اس دوران رانا اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے تھے اور کولکتہ کی توقعات برقرار رکھے ہوئے تھے لیکن رن رفتار سست ہو چکی تھی اور ہدف کافی بڑا نظر آنے لگا تھا۔
افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے رانا کو ایل بی ڈبلیو کر کولکتہ کی توقعات کو جھٹکا دے دیا۔ رانا نے 47 گیندوں پر 68 رن میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ رانا کا وکٹ 118 کے اسکور پر گرا۔ لیکن آخری تین اوورز میں میچ نے ڈرامائی رخ دکھایا ۔
ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل نے 18 ویں اوور میں سدھارتھ کی گیندوں پر مسلسل دو چھکے اڑا کر میچ میں اچانک مہم جوئی پیدا کر دی۔ رسل نے پانچویں گیند پر چوکا مارا۔ اس اوور میں 19 رنز پڑے اور اب کولکاتا کو آخری دو اوور میں 34 رن چاہئے تھے۔ رسل کا کرشمہ جاری تھا اور انہوں نے 19 ویں اوور میں بھونیشور کمار کی پہلی تین گیندوں پر 4،6،4 جڑ دیا۔
ایڈن گارڈن میں ناظرین کا شور اب آسمان کو چھو رہا تھا۔ رسل نے پانچویں گیند پر چھکا اڑا دیا اور ان کے اور شبھمن گل کے درمیان 50 رنز کی شراکت محض 20 گیندوں میں مکمل ہو گئی جس میں گل کی شراکت محض چھ رن تھی۔ کولکتہ کو آخری اوور میں 13 رنز چاہئے تھے اور گیند شکیب کے ہاتھوں میں تھی۔ شکیب کی پہلی گیند وائڈ تھی اور دوسری گیند پر ایک رن بنا۔ گل نے تیسری گیند پر لانگ آن کے اوپر سے چھکا مار دیا اور پھر چوتھی گیند پر چھکا مار کر میچ ختم کر دیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے خطرناک اوپنر ڈیوڈ وارنر نے دھماکہ خیز واپسی کرتے ہوئے 85 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جس کی بدولت سنرائزرس حیدرآباد نے کولکتہ نائیٹ رائیڈرز کے خلاف اتوار کو آئی پی ایل 12 کے مقابلے میں تین وکٹ پر 181 رن کا مضبوط اسکور بنا لیا۔
وارنر کو گزشتہ سال بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے 12 مہینے کے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ آئی پی ایل 2018 سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ وارنر کو حیدرآباد ٹیم نے اس سیزن کے لئے رٹین کیا تھا اور انہوں نے اپنا جلوہ دکھاتے ہوئے 53 گیندوں میں نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کولکتہ نے ایڈن گارڈن پر اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وارنر نے انگلینڈ کے جانی بیرسٹو کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 12.5 اوور میں 118 رنز کی زبردست شراکت کی۔ بیرسٹو نے 35 گیندوں پر 39 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بیرسٹو کو لیگ اسپنر پیوش چاولہ نے بولڈ کیا۔
وارنر اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے کہ آندرے رسل نے انہیں رابن اتھپا کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ حیدرآباد کا دوسرا وکٹ 144 کے اسکور پر گرايوسف پٹھان ایک رن بنا کر 152 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ہندستانی ٹیم کے بلے باز وجےشنکر نے 24 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 40 رنز کی اننگز کھیلی اور حیدرآباد کو 181 تک پہنچایا۔
پٹھان ایک رن بنا کر رسل کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ منیش پانڈے آٹھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ رسل نے 32 رن پر دو وکٹ اور چاولہ نے 23 رن پر ایک وکٹ لیا۔ کولکتہ کے کپتان دنیش کارتک نے 20 اوور میں سات گیند بازوں کا استعمال کیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔