ہوم » نیوز » اسپورٹس

IPL 2020 : کولکاتہ نے حیدرآباد کو سپر اوور میں دی مات ، لوکی فرگوسن بنے ہیرو

میچ کا فیصلہ ایک سپر اوور کے ذریعہ کیا گیا ، جہاں حیدرآباد فرگوسن کی مہلک بولنگ سے نہیں بچ سکا اور صرف دو رنزہی بنا سکا ۔ سپر اوور میں کولکاتہ نے چار گیندوں پر تین رن بنا کر میچ جیت لیا ۔ یہ اس آئی پی ایل کا تیسرا سپر اوور تھا۔

  • UNI
  • Last Updated: Oct 18, 2020 09:15 PM IST
  • Share this:
IPL 2020 : کولکاتہ نے حیدرآباد کو سپر اوور میں دی مات ، لوکی فرگوسن بنے ہیرو
IPL 2020 : کولکاتہ نے حیدرآباد کو سپر اوور میں دی مات ، لوکی فرگوسن بنے ہیرو

تیز گیند باز لوکی فرگوسن کی خطرناک گیندبازی (چار اوورز میں 15 رن پر تین وکٹ اورسپر اوور میں تین گیندوں میں دو رن دے کر دو وکٹیں ) کی بدولت کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے سنرائزرس حیدرآباد کو ہرادیا ۔ کولکاتہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 163 رنز کا مشکل اسکور بنایا ، جس کے جواب میں حیدرآباد کی ٹیم 20 اوور میں چھ وکٹوں پر 163 رنز بنانے میں کامیاب رہی ۔ اس کے بعد میچ کا فیصلہ ایک سپر اوور کے ذریعہ کیا گیا ، جہاں حیدرآباد فرگوسن کی مہلک بولنگ سے نہیں بچ سکا اور صرف دو رنزہی بنا سکا ۔ سپر اوور میں کولکاتہ نے چار گیندوں پر تین رن بنا کر میچ جیت لیا ۔ یہ اس آئی پی ایل کا تیسرا سپر اوور تھا۔


حیدرآباد کے سپر اوور میں ڈیوڈ وارنر اور جانی بیرسٹو بیٹنگ کرنے آئے ۔ فرگوسن نے سپر اوور میں حیدرآباد کے کپتان وارنر کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کیا ۔ عبد الصمد نے دوسری گیند پر دو رن لئے لیکن وہ تیسری گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ کولکاتہ کو جیت کے لئے تین رنز کا ہدف ملا۔ لیگ اسپنر راشد خان حیدرآباد کے لئے سپر اوور کرنے آئے اور کولکاتہ کے لئے کپتان ایون مورگن اور سابق کپتان دنیش کارتک میدان میں آئے ۔ دونوں نے چار گیندوں میں تین رنز بنا کر میچ کا خاتمہ کیا ۔ فرگوسن کو عمدہ بولنگ کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا ۔


کولکاتہ کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کی مضبوط شروعات ہوئی۔ ان کے اوپنرز جانی بیرسٹو اور کین ولیمسن نے پہلی وکٹ کیلئے 57 رنز کی شراکت کی۔ فرگوسن نے آئی پی ایل سیزن کا پہلا میچ کھیلتے ہوئے نتیش رانا کے ہاتھوں ولیم سن کو کیچ کراکر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ ولیم سن نے 19 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔


ولیمسن کے بعد بلے بازی کرنے اترے پریم گرگ کچھ خاص نہیں کرسکے اور فرگوسن نے انہیں بولڈ کیا۔ گرگ نے سات گیندوں میں صرف چار رنز بنائے۔ اس کے بعد حیدرآباد اپنی مضبوط شروعات کا فائدہ نہیں اٹھا سکی اور ان کی تین وکٹیں صرف 12 رنز کے اسکور پر گر گئیں ۔ فارم میں چل رہے بیئرسٹو بھی ورون چکرورتی کی گیند پر آندرے رسل کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 28 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ منیش پانڈے بھی اپنا جلوہ بکھیرنے میں ناکام رہے اور چھ رنز بنا کر فرگوسن کا تیسرا شکار بن گئے۔

اننگز لڑکھڑانے کے بعد کپتان وارنر نے وجے شنکر کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ۔ لیکن یہ شراکت بھی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور شنکر پیٹ کمنز کی گیند پر شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ شنکر نے سات رنز بنائے۔ اس کے بعد وارنر اور عبد الصمد نے کچھ اچھے شاٹس کھیل کر کولکاتہ کے بالرز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ۔ لیکن صمد 19 ویں اوور کی آخری گیند پر اپنی وکٹ کھو بیٹھے اور میچ کارخ ایک بار پھر کولکتہ کی طرف مڑگیا ۔ صمد نے 15 گیند میں 23 رنز کی اننگز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

حیدرآباد کو آخری اوور میں 18 رنز درکار تھے اور کولکاتہ نے بولنگ آندرے رسیل کے حوالے کی ۔ رسیل کے اوور میں وارنر نے لگاتار تین چوکے لگائے اور میچ کو حیدرآباد کی طرف موڑ دیا ۔ حیدرآباد کو جیتنے کے لئے آخری گیند پر دو رنز درکار تھے لیکن وارنر ایک رن بناسکے اور میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعہ کیا گیا۔

اس فتح نے کولکتہ کو نو میچوں میں پانچ جیت اور چار شکستوں کے ساتھ 10 پوائنٹس پر پہنچا دیا ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے جبکہ حیدرآباد کی ٹیم نو میچوں میں چھ شکست ، تین جیت اور چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے.

اس سے قبل نوجوان اوپنر شبھمن گل (36) ، کپتان ایون مورگن (34) اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک (29 رنز ناٹ آؤٹ) کی بیٹنگ سے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ پر 163 رنز کا مشکل اسکور کیا تھا۔ کولکاتہ کی جانب سے شبھمن گل نے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے جبکہ مورگن نے آخری اوورز میں کارتک کے ساتھ اننگز بڑھانے کی کوشش کی ۔ کولکاتہ نے آخری پانچ اوورز میں 57 رنز کا اضافہ کیا تھا۔

مورگن نے 23 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے اور کارتک نے اپنی اننگز میں 14 گیندوں میں 2 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ مورگن اور کارتک کے مابین چھٹی وکٹ کے لئے 58 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے کولکاتہ کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچانے میں مدد فراہم کی۔ مورگن کولکتہ کی اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے تھے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Oct 18, 2020 09:12 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading