ہوم » نیوز » اسپورٹس

IPL 2021: رویندر جڈیجہ نے چنئی سپرکنگس کو چوتھی جیت دلائی، آر سی بی کی پہلی ہار

آل راونڈر روندرجڈیجہ کے کمال کی اننگز کی بدولت چنئی سپرکنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو آئی پی ایل مقابلے میں اتوارکو 69 رن سے شکست دے دی اورپوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر پہنچ گئی۔

  • UNI
  • Last Updated: Apr 25, 2021 11:51 PM IST
  • Share this:
IPL 2021: رویندر جڈیجہ نے چنئی سپرکنگس کو چوتھی جیت دلائی، آر سی بی کی پہلی ہار
IPL 2021: رویندر جڈیجہ نے چنئی سپرکنگس کو چوتھی جیت دلائی، آر سی بی کی پہلی ہار (PTI)

ممبئی : آل راونڈر روندرجڈیجہ (ناٹ آوٹ 62، 13 رن پر تین وکٹ اور ایک رن آوٹ) کے کمال کے آل راونڈر کھیل کی بدولت چنئی سپرکنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو آئی پی ایل مقابلے میں اتوارکو 69 رن سے شکست دے دی اورپوائنٹ ٹیبل میں پہلے مقام پر پہنچ گئی۔ چنئی نے مقررہ 20 اوور میں چاروکٹ پر 191 رن کا چیلنجنگ اسکوربنایا اوربنگلور کو 20 اوورمیں نووکٹ پر 122 رن پر روک کر بنگلور کو پانچ میچوں میں پہلی شکست جھیلنے کے لئے مجبورکردیا۔ جڈیجہ نے اننگ کے آخری اوورمیں ہرشل پٹیل کی گیندوں پر پانچ چھکے سمیت 37 رن بنا ڈالے اورایک اوورمیں سب سے زیادہ رن بنانے کے کرس گیل کے 2011 کے ریکارڈکی برابری کرلی۔


جڈیجہ نے پھر گیندبازی میں اپنے ہاتھ دکھاتے ہوئے واشنگٹن سندر (7) کو رتوراج گائیکواڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر گلین میکسویل (22) اوراے بی ڈیویلئرس(4) کو بولڈکردیا۔ جڈیجہ نے ڈینئل کرسٹین (1) کو رن آوٹ کردیا۔ چنئی کی اننگ میں فاف ڈو پلیسس نے 41 گیندوں پر 50 رن میں پانچ چوکے اورایک چھکا لگایا۔ رتوراج گائیکواڈ نے 25 گیندوں پر 33 رن میں چارچوکے اور ایک چھکالگایا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رینا نے 18 گیندوں پر 24 رن میں ایک چوکا اورتین چھکے لگائے۔


امباتی رائیڈو نے سات گیندوں میں ایک چوکا اورایک چھکا لگایا۔ 19 اوورختم ہونے کے بعد چنئی کا اسکور چاروکٹ پر 154 رن تھا۔ جڈیجہ نے پہلی چارگیندوں پر چارچھکے لگائے اوراس کے ساتھ ہی اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ اس اوورکی تیسری گیندنوبال تھی۔ جڈیجہ نے پانچویں گیند پر چھکا اورآخری گیندپرچوکا لگاکر 10 سال پرانے کرس گیل کے ریکارڈکی برابری کرلی۔ پٹیل نے 14 ویں اوورمیں رینا اورڈوپلیسس کے وکٹ تین گیندوں کے وقفے میں نکالے۔ انہوں نے 18 ویں اوور میں رائیڈو کا وکٹ بھی لیا۔ پٹیل نے چاراوورمیں 51 رن پر تین وکٹ لئے جبکہ یزویندرچہل نے تین اوورمیں 24 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔


بڑے ہدف کا پیچھاکرتے ہوئے بنگلور نے کپتان وراٹ کوہلی کو44 رن پرگنوایا۔ وراٹ نے آٹھ رن بنائے اور سیم کرین کی گیند پر وکٹ کیپر مہیندرسنگھ دھونی کو کیچ تھمابیٹھے۔ دیودت پڈیکل 15 گیندوں میں چارچوکوں اوردوچھکوں کی مددسے 34 رن بناکر اگلے اوورمیں شاردل ٹھاکر کی گیندپر سریش رینا کو کیچ دے دیا۔ واشنگٹن سندر 11 گیندوں میں سات رن بناکر جڈیجہ کی گیندپر گائیکواڈ کو کیچ دے دیا۔ آل راونڈر گلین میکسویل نے 15 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 22 رن بنائے لیکن جڈیجہ کی ایک بہترین گیند پر بولڈ ہوگئے۔ جڈیجہ نے پھر ڈویلیئرس کو بولڈکردیا۔ جڈیجہ نے اس کے بعد ڈینئل کرسٹین کو سیدھے تھرو سے رن آوٹ کردیا۔

کائل جیمسن 13 گیندوں میں ایک چوکا اورایک چھکاکی مدد سے 16 رن بناکر عمران طاہر کے تھروپر رن آوٹ ہوئے۔ طاہر نے پرشل پٹیل کوبولڈ کیا۔ پٹیل کاکھاتا نہیں کھلا۔ ہزویندرچہل نے ناٹ آوٹ آٹھ اور محمدسراج نے ناٹ آوٹ 12 رن بناکر بنگلور کو آل آوٹ ہونے سے بچایا۔ چنئی کی جانب سے جڈیجہ نے 13 رن پر تین وکٹ، طاہر نے 16 رن پردووکٹ، کرین نے 35 رن پر ایک وکٹ اورٹھاکر نے 11 رن پر ایک وکٹ لیا۔ جڈیجہ کو ان کے آل راونڈر کھیل کی وجہ سے مین آف دی میچ کاانعام ملا۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 25, 2021 11:51 PM IST