ہوم » نیوز » اسپورٹس

IPL 2021 کے لیگ میچ ممبئی میں اور پلے آف مقابلے احمد آباد میں ہوں گے!

دہلی کیپٹلس کے شریک مالک پرتھ جندل نے چنئی میں آئی پی ایل کی نیلامی کے بعد کہا کہ میں نے جو بھی سنا اور دیکھا اس کے مطابق ، آئی پی ایل کے لیگ مرحلے کےتمام میچ ممبئی میں ہوسکتے ہیں۔

  • UNI
  • Last Updated: Feb 19, 2021 11:51 PM IST
  • Share this:
IPL 2021 کے لیگ میچ ممبئی میں اور پلے آف مقابلے احمد آباد میں ہوں گے!
IPL 2021 کے لیگ میچ ممبئی میں اور پلے آف مقابلے احمد آباد میں ہوں گے! ۔ (DC/Twitter)

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) 14 کا لیگ مرحلہ ممبئی میں ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور آئی پی ایل کے حکام کے بیچ تبادلہ خیال جاری ہے۔ دہلی کیپٹلس کے شریک مالک پرتھ جندل نے چنئی میں آئی پی ایل کی نیلامی کے بعد کہا، "میں نے جو بھی سنا اور دیکھا اس کے مطابق ، آئی پی ایل کے لیگ مرحلے کےتمام میچ ممبئی میں ہوسکتے ہیں۔ اگر انگلینڈ ہندوستان کا دورہ کرسکتا ہے ، اگر آئی ایس ایل (انڈین سپر لیگ) کے تمام میچ گوا میں ہوسکتے ہیں،اگر وجے ہزارے ٹرافی اور سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ مختلف مقامات پر ہوسکتے ہیں تو مجھے نہیں لگتا کہ آئی پی ایل کو ہندوستان سے باہر جانا چاہئے۔ مجھے یقین ہے کہ آئی پی ایل ہندوستان میں ہوگا۔


جندل نے کہا ، "میرے خیال میں بی سی سی آئی اور آئی پی ایل کے عہدیدار اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا ایک شہر میں لیگ مرحلہ ہو اور دوسری جگہ میں پلے آف۔ ممبئی کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ، جو ممکنہ طور پر لیگ مرحلے کا مقام بن سکتا ہے ، کیونکہ یہاں تین بین الاقوامی گراؤنڈز (وانکھیڑے اسٹیڈیم ، بربورن اسٹیڈیم ، ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم) ہیں جہاں پریکٹس کی سہولیات میسر ہیں۔احمد آباد کا موٹیرا اسٹیڈیم ناک آؤٹ کی میزبانی کرے گا ، حالانکہ یہ سب غیر تصدیق شدہ ہے ، میں نے جو کچھ سنا ہے وہ بتا رہا ہوں۔ ''


سن رائزرس حیدرآباد کے مینٹر وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ وینیو کے بارے میں ابھی صورتحال غیر یقینی ہیں۔ دوسری طرف ، کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے چیف ایگزیکٹو وینکی میسور نے کہا کہ اگر آپ ہر ٹیم کو دیکھیں تو وہ تمام حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم میں توازن بنا رہی ہے۔ یہ غیر معمولی وقت ہے اور ایسی صورتحال میں ہم سب بی سی سی آئی کی حمایت کریں گے۔کورونا وبا کے بیچ آئی پی ایل کے پچھلے سیزن کا انعقاد شاندار تھا۔ یہ ہندوستان میں ہو یا کہیں اور ، ہم اپنا پورا تعاون دیں گے۔ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے اجتماعی کوشش سب سے اہم ہے۔  پنجاب کنگز کے ہیڈ کوچ انل کمبلے نے کہا ، "اگر آئی پی ایل ہندوستان میں ہوتا ہے تو ہمارے پاس تمام متبادل موجود ہیں اور اگر یہ باہر ہوتا ہے تو ہمارے پاس بھی اس کے لئے متبادل موجود ہیں۔"


واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے صدر ساربھ گانگولی نے ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ یہ سال بہت بڑا ہونے والا ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل کے مقام کے حوالے سے کوئی معلومات شیئر نہیں کی ، حالانکہ وہ گذشتہ چند ماہ سے ہندوستان میں آئی پی ایل کی میزبانی کو ترجیح دینے کے بارے میں بیان دے چکے ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ، "ہم دیکھیں گے کہ کیا ہم شائقین کو آئی پی ایل میں واپس لاسکتے ہیں ، یہ ایک فیصلہ ہے جو ہمیں بہت جلد کرناہے ، اور یہ ایک اور زبردست ٹورنامنٹ ہونےجارہا ہے۔ ''
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Feb 19, 2021 11:51 PM IST