ہوم » نیوز » اسپورٹس

IPL 2021 : دیپک چاہر نے گیند بازی سے برپا کیا قہر ، دھونی کے 200 ویں میچ میں چنئی نے پنجاب کو دی مات

PBKS vs CSK Highlights : چنئی نے پنجاب کو 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 106 رن کے معمولی اسکور پر روک دیا اور پھر 15.4 اوور میں چار وکٹ کھو کر 107 رن بنا کر آسان جیت اپنے نام کی۔

  • UNI
  • Last Updated: Apr 16, 2021 11:37 PM IST
  • Share this:
IPL 2021 : دیپک چاہر نے گیند بازی سے برپا کیا قہر ، دھونی کے 200 ویں میچ میں چنئی نے پنجاب کو دی مات
IPL 2021 : دیپک چاہر نے گیند بازی سے برپا کیا قہر ، دھونی کے 200 ویں میچ میں چنئی نے پنجاب کو دی مات

ممبئی : تیز گیندباز دیپک چاہر (13 رن پر چار وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی مدد سے چنئی سپرکنگس نے پنجاب کنگس کو آئی پی ایل 14 کے مقابلے میں جمعہ کو یکطرفہ انداز میں چھ وکٹ سے شکست دے کر دو میچوں میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ چنئی کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کا یہ 200 واں آئی پی ایل میچ تھا اور ان کی ٹیم نے شاندار جیت حاصل کی۔


چنئی نے پنجاب کو 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 106 رن کے معمولی اسکور پر روک دیا اور پھر 15.4 اوور میں چار وکٹ کھو کر 107 رن بنا کر آسان جیت اپنے نام کی۔ چنئی نے روتوراج گایکواڑ (5) کو جلد ہی گنوایا لیکن فاف ڈو پلیسِس اور معین علی نے دوسرے وکٹ کے لیے 66 رن جوڑ کر ٹیم کو جیت کی دہلیز پر پہنچا دیا۔ معین 31 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رن بنا کر مروگن اشون کی گیند پر شاہ رخ خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔


معین کا وکٹ 90 کے اسکور پر گرا ۔ میدان پر آنے والے سریش رینا نو گیندوں پر آٹھ رن بنا کر محمد سمیع کی باؤنسر پر وکٹ کیپر لوکیش راہل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ امباٹی رائیڈو آتے ہی اپنی پہلی گیند اونچا کھیل گئے اور نیکولس پورن نے آسان کیچ پکڑ لیا۔ رائیڈو کا وکٹ 99 رن کے اسکور پر گرا۔


ہدف بڑا نہیں تھا لہٰذا چنئی کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی ۔ سیم کرین نے فاتحانہ چوکا لگا کر میچ ختم کیا ۔ کرین پانچ رن بنا کر اور ڈو پلیسِس 33 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 16, 2021 11:37 PM IST