உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    IPL 2021 : بنگلورو نے پنجاب کو دلچسپ انداز میں ہرایا ، وراٹ کوہلی کی ٹیم پلے آف میں پہنچی

    IPL 2021 : بنگلورو نے پنجاب کو دلچسپ انداز میں ہرایا ، وراٹ کوہلی کی ٹیم پلے آف میں پہنچی (PTI)

    IPL 2021 : بنگلورو نے پنجاب کو دلچسپ انداز میں ہرایا ، وراٹ کوہلی کی ٹیم پلے آف میں پہنچی (PTI)

    RCB vs PBKS: بنگلورو پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی سیزن کی تیسری ٹیم بن گئی ہے ۔ اس سے پہلے 3 بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگس اور دہلی کیپیٹلس کی ٹیمیں 18-18 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنا چکی ہیں ۔

    • Share this:
      نئی دہلی : وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو نے اتوار کو آئی پی ایل 2021 کے پلے آف میں جگہ بنالی ہے ۔ شارجہ میں کھیلے گئے ایک میچ میں آر سی بی نے پنجاب کنگز کو 6 رنز سے شکست دی ۔ بنگلورو نے آل راؤنڈر گلین میکسویل کی 57 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے ۔ تاہم مینک اگروال (57) کی نصف سنچری کے باوجود پنجاب کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکی ۔ آر سی بی کے اسپنر یجویندر چہل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔

      بنگلورو پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی سیزن کی تیسری ٹیم بن گئی ہے ۔ اس سے پہلے 3 بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگس اور دہلی کیپیٹلس کی ٹیمیں 18-18 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنا چکی ہیں ۔ آر سی بی کے اب 12 میچوں میں 8 جیت کے ساتھ 16 پوائنٹس ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کو 13 میچوں میں 8 ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب وہ 5 ویں نمبر پر ہے ۔ اس کے لئے اب پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنا کافی مشکل ہو گیا ہے ۔

      165 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں کپتان کے ایل راہل اور مینک اگروال نے پنجاب کو مضبوط آغاز دیا ۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 91 رنز بنائے ۔ اس ساجھیداری کو شہباز احمد نے توڑا ۔ انہوں نے راہل کو ہرشل پٹیل ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا ۔ راہل نے 35 گیندوں میں 1 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے ۔ پھر یجویندر چہل نے نکولس پورن (3) کو دیو دت کے ہاتھوں کیچ کرایا ۔ پنجاب کی تیسری وکٹ 114 کے اسکور پر گری ، جب مینک چہل کی گیند پر سراج کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔ مینک نے 42 گیندوں کی اپنی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔

      پنجاب کی جانب سے ایڈن مارکرم نے 20 ، شاہ رخ خان نے 16 اور ہینریکس نے ناٹ آؤٹ 12 رن بنائے ۔ یجویندر چہل بنگلورو کے لیے سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ جارج گارٹن اور شہباز احمد نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

      اس سے قبل آر سی بی کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ میکسویل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نصف سنچری بنائی اور بنگلورو کو اچھا اسکور بنانے میں مدد کی ۔ انہوں نے 33 گیندوں کی اپنی اننگز میں 3 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ نوجوان سلامی بلے باز دیودت پڈیکل نے 40 رنوں کا تعاون دیا۔ پنجاب کی جانب سے محمد سمیع نے آخری اوور میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہینریکس نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔
      Published by:Imtiyaz Saqibe
      First published: