உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    MI vs RR: بٹلر کی طوفانی سنچری سے راجستھان رائلس جیتا، ممبئی کی لگاتار دوسری ہار

    MI vs RR: بٹلر کی طوفانی سنچری سے راجستھان رائلس جیتا، ممبئی کی لگاتار دوسری ہار ۔ تصویر : PTI

    MI vs RR: بٹلر کی طوفانی سنچری سے راجستھان رائلس جیتا، ممبئی کی لگاتار دوسری ہار ۔ تصویر : PTI

    IPL 2022, Mumbai Indians vs Rajasthan Royals Match Report: ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل 2022 میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ راجستھان رائلس نے ممبئی انڈینس کو 23 رنز سے شکست دی۔

    • Share this:
      نئی دہلی : ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل 2022 میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ راجستھان رائلس نے ممبئی انڈینس کو 23 رنز سے شکست دی۔ جوس بٹلر کی طوفانی سنچری سے راجستھان رائلس نے ممبئی انڈینس کے سامنے 194 رنز کا ہدف رکھا ۔ ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینس مقررہ 20 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز ہی بنا سکی۔ یہ ممبئی کی دو میچوں میں دوسری شکست ہے۔ ممبئی کی ٹیم 14 اوور میں تین وکٹ پر 129 رنز بنانے کے بعد اچھی پوزیشن میں تھی ، لیکن ایک رن میں تین وکٹ گنوانے کے بعد ان کی اننگز پٹری سے اتر گئی۔ ٹیم کیلئے ایشان کشن (54) اور تلک ورما (61) نے نصف سنچریاں بنائیں۔ راجستھان کے لئے یجویندر چہل نے 26 رن دے کر دو وکٹ اور نودیپ سینی نے 36 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔

      اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان رائلس نے تجربہ کار بلے باز جوس بٹلر کی سنچری اننگز کی بدولت آٹھ وکٹوں پر 193 رنز کا مشکل اسکور کھڑا کیا ۔ ممبئی کی جانب سے بمراہ اور ٹائمل ملز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ بمراہ نے چار اووروں میں صرف 17 رنز دئے ۔ ملز نے چار اوورز میں 35 رنز دئے۔ بٹلر نے اپنی 68 گیندوں کی اننگز میں 11 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ انہیں کپتان سنجو سیمسن (30) اور شیمرون ہیٹمائر (35) کا اچھا تعاون ملا۔ بٹلر نے سیمسن کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 82 اور ہیٹمائر کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 53 رنز کی شراکت داری کی ۔

       

      یہ بھی پڑھئے :  امیش اور رسیل نے کے کے آر کو دلائی دوسری جیت، ٹیم ٹاپ پر، پنجاب کی کراری ہار


      سیمسن نے اپنی 21 گیندوں کی اننگز میں تین چھکے اور ایک چوکا لگایا، تو وہیں ہیٹمائر نے 14 گیندوں کی اننگز میں تین چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔ ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کی دعوت ملنے پر بٹلر نے پہلے دو اوورز میں جسپریت بمراہ اور ڈینیئل سیمس کے خلاف چوکا اور چھکا لگا کر اپنے ارادے واضح کر دئے تھے ۔ اگرچہ بمراہ نے تیسرے اوور میں یشسوی جیسوال (01) کو ٹم ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ کرا کر ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی، لیکن اس وکٹ کا بٹلر پر کوئی اثر نہیں پڑا اور انہوں نے چوتھے اوور میں باسل تھمپی کے خلاف تین چھکے اور دو چوکے لگادئے۔ راجستھان نے اس اوور میں 26 رنز بنائے۔

      پاور پلے کی آخری گیند پر ٹائمل ملز نے دیو دت پڈیکل (07) کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کرا کر راجستھان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور دو وکٹوں پر 48 رنز تھا ۔ اس کے بعد کپتان سیمسن نے بٹلر کا شاندار ساتھ دیا۔ دونوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ممبئی کے گیند بازوں کے خلاف بڑے شاٹس کھیلتے رہے۔ سیمسن نے 10ویں اوور میں ملز کے خلاف چھکا لگا کر اپنا ہاتھ کھولا۔

       

      یہ بھی پڑھئے : پاکستان نے حاصل کیا اپنا سب سے بڑا ون ڈے ہدف، ہندوستان کے خلاف بھی کیا تھا چار مرتبہ کمال


      اس کے بعد سیمسن نے 11ویں اوور میں موروگن اشون کے خلاف چھکا لگایا اور بٹلر نے چھکے اور چوکے لگائے اور اس اوور میں 21 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچا دیا ۔ کیرون پولارڈ (46 رن پر ایک وکٹ) نے 15ویں اوور کی دوسری گیند پر سیمسن کو آؤٹ کر کے ممبئی کو تیسری کامیابی دلائی۔ شمرون ہیٹمائر نے کریز پر قدم رکھتے ہی پولارڈ کے خلاف 17ویں اوور میں لگاتار دو چھکے اور پھر لگاتار گیندوں پر چوکے لگا کر 26 رنز بنائے۔ انہوں نے ملز کے اگلے اوور میں چھکا اور چوکا بھی لگایا۔

      بٹلر نے 19ویں اوور کی پہلی گیند پر ایک رن ​​لے کر آئی پی ایل کی اپنی دوسری سنچری 66 گیندوں میں مکمل کی۔ بمراہ کی اگلی گیند پر شیمرون ہیٹمائر کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا اور پھر ایک شاندار یارکر پر انہوں نے بٹلر کو بھی بولڈ کردیا۔ ملز نے اننگز کے آخری اوور میں نودیپ سینی (02) اور ریان پراگ (05) کو آؤٹ کرکے راجستھان کے اسکور کو 200 کے اندر روک دیا۔ راجستھان کے بلے باز آخری دو اووروں میں صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔
      Published by:Imtiyaz Saqibe
      First published: