نئی دہلی : آئی پی ایل 2023 میں دہلی کیپٹلز کا سفر اب تک کا کچھ خاص نہیں رہا ہے، لیکن اب ٹیم جیت کی پٹری پر لوٹتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔ ڈیوڈ وارنر کی ٹیم جیت کی ہیٹ ٹرک لگاکر آئی گجرات کا سامنا کرنے اس کے ہوم گراؤنڈ پر اتری۔ تاہم جیسے ہی دہلی کی ٹیم پہلے بلے بازی کرنے میدان میں اتری محمد سمیع ان پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے ۔ سمیع نے اپنے پہلے 3 اوورز میں یکے بعد دیگرے 4 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھادی۔ لیکن امان خان کی نصف سنچری اننگز کی بدولت دہلی کی ٹیم 130 رنز تک پہنچ گئی۔
اس کے بعد ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات کا آغاز توقع کے مطابق نہیں رہا۔ شبھمن گل اور ڈیوڈ ملر سمیت 4 بلے باز دوہرے ہندسہ تک بھی نہیں پہنچ سکے، جس کے بعد کپتان ہاردک پانڈیا نے سمجھداری سے بلے بازی کرتے ہوئے ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی۔ انہوں نے نصف سنچری کی شاندار اننگز کھیلی۔ ابھینو منوہر نے بھی ان کا بخوبی ساتھ دیا ۔ علاوہ ازیں آخر میں آئے راہل تیوتیا نے بھی اینریک نورکھیا کے اوور میں چھکے کی ہیٹ ٹرک کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ لیکن آخری اوور میں ایشانت شرما نے میچ کا رخ ہی پلٹ دیا۔ دہلی کیپٹلز نے یہ میچ 5 رنز سے جیت کر گجرات کے وجے رتھ پر بریک لگا دیا۔
محمد سمیع نے اس میچ میں 4 اہم بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے فلپ سالٹ کو پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد انہوں نے منیش پانڈے، ریلی روسو اور پریم گرگ کو آؤٹ کر کے دہلی کی بلے بازی کی کمر توڑ دی ۔ اس کارکردگی کے بعد وہ پرپل کیپ کی دوڑ میں 7 درجے چھلانگ لگا کر پرپل کیپ کے مالک بن گئے ہیں ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔