IPL 2023: الٹی پینٹ پہن کر کھیلنے اتر گیا یہ طوفانی سلامی بلے باز، پھر دوڑا دوڑا گیا میدان سے باہر
IPL 2023: الٹی پینٹ پہن کر کھیلنے اتر گیا یہ طوفانی سلامی بلے باز، پھر دوڑا دوڑا گیا میدان سے باہر (IPL Twtitter)
GT vs LSG, IPL 2023: آئی پی ایل 2023 کا 51 واں میچ گجرات ٹائٹنز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں گجرات نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔
نئی دہلی : آئی پی ایل 2023 کا 51 واں میچ گجرات ٹائٹنز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں گجرات نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ یہ آئی پی ایل میں گجرات کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ گجرات کو اس اسکور تک پہنچانے میں دونوں سلامی بلے بازوں ردھیمان ساہا اور شبھمن گل نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 12.1 اوورز میں 142 رنز بنا ڈالے۔ آئی پی ایل کے اس سیزن میں پہلی وکٹ کیلئے یہ دوسری سب سے بڑی شراکت داری ہے۔
ساہا نے پاور پلے میں تہلکہ مچایا۔ انہوں نے صرف 20 گیندوں میں اپنے 50 رنز پورے کر لئے تھے۔ گجرات ٹائٹنز نے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 78 رنز بنائے۔ اس میں سے 54 رنز صرف ساہا کے بلے سے نکلے۔ یہ اس سیزن میں پاور پلے میں کسی بھی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے پہلے کائل میئرس نے پنجاب کنگز کے خلاف 22 گیندوں پر 54 رنز بنائے تھے۔ ساہا 43 گیندوں میں 81 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
تاہم جب فیلڈنگ کی باری آئی تو ردھیمان ساہا وکٹ کیپنگ کیلئے میدان میں نہیں اتر رہے تھے۔ اس وجہ سے دوسری اننگز تاخیر سے شروع ہوئی۔ شاید انہیں چوٹ لگی تھی۔ اس سلسلہ میں امپائر اور گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا کے درمیان طویل بات چیت ہوئی۔ اس دوران کے ایس بھرت بھی وکٹ کیپنگ کٹ پہن کر تیار کھڑے تھے۔ گجرات کی ٹیم انہیں زخمی ساہا کی جگہ فیلڈنگ متبادل کے طور پر استعمال کرنا چاہتی تھی، لیکن امپائر نے اس کی اجازت نہیں دی۔
اس وجہ سے ساہا کو وکٹ کیپنگ کیلئے نیچے آنا پڑا۔ تاہم وہ تیار نہیں تھے اور عجلت میں انہوں نے اپنی پینٹ الٹی پہن لی۔ ان کی پینٹ پر اسپانسر کا لوگو والا حصہ پچھلے حصے میں تھا۔ ساہا نے اسی طرح 2 اوورز وکٹ کیپنگ کی۔ لیکن وہ تکلیف میں نظر آرہے تھے ۔ دوسرے اوور کے بعد فیزیو کو میدان میں آنا پڑا اور ساہا میدان سے باہر چلے گئے۔ اس کے بعد کے ایس بھرت وکٹ کیپنگ کیلئے آئے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔