IPL 2023: بلے بازوں کے بعد گیند بازوں کا دھمال، گجرات ٹائنٹنز نے ممبئی انڈینز کو دی کراری شکست
IPL 2023: بلے بازوں کے بعد گیند بازوں کا دھمال، گجرات ٹائنٹنز نے ممبئی انڈینز کو دی کراری شکست (AP)
IPL 2023 : ہاردک پانڈیا کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 207 رنز بنائے جبکہ ممبئی انڈینز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 152 رنز ہی بناسکی ۔
نئی دہلی : آئی پی ایل 2023 کے 35ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز نے ممبئی انڈینز کو اپنے ہوم گراؤنڈ یعنی احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں 55 رنز سے شکست دی۔ ہاردک پانڈیا کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 207 رنز بنائے جبکہ ممبئی انڈینز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 152 رنز ہی بناسکی ۔ ممبئی نے 11 اوور میں 59 رنز پر 5 وکٹ گنوا دئے تھے۔ اس کے بعد ٹیم میچ میں واپسی نہیں کر سکی اور میچ ہار گئی۔ ممبئی کی یہ چوتھی شکست ہے۔ وہیں گجرات ٹائٹنز نے گھر پر دو میچ ہارنے کے بعد اپنی پہلی جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی گجرات ٹائٹنز کے بھی چنئی سپر کنگز کے برابر 10 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔
208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کی شروعات خراب رہی۔ کپتان روہت شرما 2، ایشان کشن 13 اور کیمرون گرین 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ممبئی نے 59 رنز پر 5 وکٹ گنوا دئے تھے۔ راشد خان اور نور احمد نے ایک ہی اوور میں 2-2 وکٹیں لے کر ممبئی کی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ راشد اور نور احمد نے اپنے کوٹے کے 8 اوورز میں 64 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یعنی افغانستان کے ان دو گیند بازوں نے ممبئی کی آدھی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھادی ۔ سوریہ کمار یادو نے ضرور کچھ تیز شاٹس کھیلے، لیکن وہ بھی 12 گیندوں میں 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد نہال وڈھیرا نے بھی 21 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ لیکن وہ بھی ممبئی کو شکست سے بچا نہیں سکے۔
اس سے پہلے ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ارجن تیندولکر نے بہت جلد ممبئی کو پہلی کامیابی دلادی۔ انہوں نے ردھیمان ساہا کو ایشان کشن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا بھی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم شبھمن گل ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ گل 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت میں گجرات کا اسکور 12 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز تھا۔ لیکن آخری 8 اوور میں گجرات نے 108 رنز بنائے۔
گجرات ٹائٹنز کی جانب سے ڈیوڈ ملر اور ابھینو منوہر نے تیز اننگز کھیلی۔ ویسے تو دونوں بلے باز ہی اپنی نصف سنچریاں مکمل نہیں کر سکے۔ لیکن ٹیم کی ضرورت کو ضرور پورا کردیا۔ ملر نے آؤٹ ہونے سے پہلے 22 گیندوں میں 46 رنز بنائے۔ وہیں منوہر نے 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے 21 گیندوں میں 42 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 35 گیندوں میں 71 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ آخر میں راہل تیوتیا نے بھی جم کر اپنے ہاتھ دکھائے اور صرف 5 گیندوں میں 3 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ اس طرح گجرات نے 20 اوورز میں 207 رنز بنا ڈالے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔