IPL 2023: یشسوی جیسوال کے بعد ایڈم زمپا کا کمال، چنئی کو ہرا کر ٹاپ پر پہنچی راجستھان رائلز
IPL 2023: ییشسوی جیسوال کے بعد ایڈم زمپا کا کمال، چنئی کر ہرا کر ٹاپ پر پہنچی راجستھان رائلز (AP)
Rajasthan Royals vs Chennai Super Kings: یشسوی جیسوال کی ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز اور ایڈم زمپا کی خطرناک گیند بازی کی بدولت راجستھان رائلز نے آئی پی ایل کے 37ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو 32 رنز سے شکست دے کر 8 میچوں میں 5ویں جیت درج کی۔
نئی دہلی : یشسوی جیسوال کی ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز اور ایڈم زمپا کی خطرناک گیند بازی کی بدولت راجستھان رائلز نے آئی پی ایل کے 37ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو 32 رنز سے شکست دے کر 8 میچوں میں 5ویں جیت درج کی۔ سی ایس کے کی 8 میچوں میں یہ تیسری شکست ہے۔ اس شکست کے بعد مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی چنئی سپر کنگز پہلے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے وہیں راجستھان رائلز 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ سی ایس کے کی جانب سے شیوم دوبے نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ موجودہ سیزن میں راجستھان کی چنئی پر یہ دوسری جیت ہے۔
203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چنئی سپر کنگز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 170 رنز بنائے۔ سی ایس کے نے اچھی شروعات کی۔ سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڑ اور ڈیون کانوے نے پہلی وکٹ کیلئے 42 رنز جوڑے۔ کانوے 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ ریتوراج 3 رنز سے اپنی نصف سنچری سے چوک گئے ۔ گائیکواڑ 47 رنز کے ذاتی سکور پر ایڈم زمپا کی گیند پر دیودت پڈیکل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس میچ میں اجنکیا رہانے کچھ خاص نہیں کر سکے اور 13 گیندوں میں 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ اشون نے رائیڈو کو کھاتہ بھی نہیں کھولنے دیا جبکہ معین علی 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ راجستھان کی جانب سے زمپا نے 3 جبکہ اشون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال کی نصف سنچری کی بدولت راجستھان رائلز نے 5 وکٹ پر 202 رنز بنائے۔ جیسوال نے 43 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے اور جوس بٹلر (27) کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 86 رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھی شروعات دلائی، لیکن اس جوڑی کے ٹوٹنے کے بعد رائلز کی ٹیم راہ سے تھوڑی بھٹکتی نظر آئی ۔
تاہم آخری اوورز میں دھرو جورل (15 گیندوں میں 34 رنز، تین چوکے، دو چھکے) اور دیو دت پڈیکل (13 گیندوں میں 23 ناٹ آؤٹ، چار چوکے) نے پانچویں وکٹ کیلئے 20 گیندوں میں 48 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچا دیا ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔