نئی دہلی : سن رائزرس حیدرآباد کا کھاتہ آخر کار آئی پی ایل 2023 میں کھل گیا ہے۔ ایڈن مارکرم کی کپتانی والی ٹیم نے پنجاب کنگز کو اپنے گھر پر شکست دی۔ حیدرآباد کے گیند بازوں نے اس میچ میں شاندار گیند بازی کی۔ بعد میں راہل ترپاٹھی نے بلے بازی میں اپنا دم دکھایا ۔ یہ موجودہ سیزن میں پنجاب کنگز کی پہلی شکست ہے جبکہ حیدرآباد کی پہلی جیت ہے۔ پنجاب کنگز کے کپتان شیکھر دھون کی 99 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز رائیگاں چلی گئی۔ حیدرآباد کی جیت میں اسپنر مینک مارکنڈے نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے میچ میں کل 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پنجاب کنگز نے سن رائزرز حیدرآباد کے سامنے 144 رنز کا ہدف رکھا تھا، جسے ایڈن مارکرم کی ٹیم نے 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں پر 145 رنز بناکر حاصل کرلیا۔ راہل ترپاٹھی نے ناٹ آؤٹ 74 رنز بنائے۔ ترپاٹھی نے 48 گیندوں میں 10 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ کپتان ایڈن مارکرم 21 گیندوں پر 37 رنز بناکر ناٹ آوٹ واپس لوٹے۔ مینک اگروال 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے پہلے کپتان شیکھر دھون نے دوسرے اینڈ سے ساتھ نہیں ملنے کے باوجود 99 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی، جس کی وجہ سے لیگ اسپنر مینک مارکنڈے کی خطرناک گیند بازی کے باوجود پنجاب کنگز نے 9 وکٹوں پر 143 رنز کا اسکور بنالیا۔ دھون نے شروع سے آخر تک ایک اینڈ کو پکڑے رکھا۔
دھون نے اپنی اننگز میں 66 گیندیں کھیلیں اور 12 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ صرف سیم کیرن (15 گیندوں پر 22 رنز) دوہرے ہندسے تک پہنچ سکے۔ دھون نے موہت راٹھی کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے 30 گیندوں میں 55 رنز کی شراکت داری کی۔ اس میں راٹھی کا حصہ دو گیندوں پر ایک رن تھا۔
سن رائزرز کی جانب سے مارکنڈے نے 15 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ مارکو جانسن اور عمران ملک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔