ورلڈ کپ کے متنازع فائنل کے بعد آئی سی سی نے باونڈری کی بنیاد پر فاتح کا انتخاب کرنے کے قانون کو ختم کردیا ہے ، جس کے بعد نیوزی لینڈ کے آل راونڈر جیمی نیشم نے آئی سی سی کا مذاق اڑایا ہے ۔ باونڈری کی بنیاد پر فاتح اعلان کرنے کے قانون کی وجہ سے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو خطاب سے ہاتھ دھونا پڑا تھا ۔ جولائی میں ہوئے خطابی مقابلہ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر اوور بھی برابری پر ختم ہوا تھا ، جس کے بعد باونڈری شمار کی بنیاد پر میزبان انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا ۔
آئی سی سی نے اس قانون میں پیر کو تبدیلی کردی ۔ نئے قانون کے مطابق سپر اوور اس وقت تک جاری رہے گا جب کوئی ایک ٹیم فاتح نہیں بن جاتی ہے ۔ قانون میں تبدیلی کے بعد جیمی نیشم نے ٹویٹ کیا کہ اگلا ایجنڈا ٹائٹینک پر برف دیکھنے کیلئے اچھی دوربین ۔ وہیں نیوزی لینڈ کے سابق بلے بازی کوچ کریگ میک ملن نے کہا کہ آئی سی سی نے تھوڑی تاخیر کردی ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سینئر عہدیدار ڈیوڈ وہائٹ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ورلڈ کپ کے متنازع فائنل کے بعد آئی سی سی نے قانون میں تبدیلی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کیلئے یہ بہتر ہے۔ ماضی کو ہم بدل نہیں سکتے ، لیکن ہمیں خوشی ہے کہ بہتر حل ڈھونڈ لیا گیا ہے ۔
آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی ، سی ای سی کی کمیٹی کی سفارش کے بعد اس بات پر اتفاق رائے قائم ہوگیا ہے کہ سپر اوور کا استعمال آئی سی سی کے میچوں میں جاری رہے گی اور اس کو اس وقت تک کیا جائے گا جب تک ٹورنامنٹ کا نتیجہ واضح طریقہ سے نہیں نکل جائے ۔ اس معاملہ میں کرکٹ کمیٹی اور سی ای سی دونوں متفق تھے کہ کھیل کو دلچسپ بنانے کیلئے ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے سبھی میچوں میں اس کا استعمال کیا جائے گا ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔