ہندوستان ۔ پاکستان کے درمیان کیا سات سمندر پار کھیلا جائے گا ٹیسٹ میچ؟ جانئے کیا ہے پورا ماجرا
ہندوستان ۔ پاکستان کے درمیان کیا سات سمندر پار کھیلا جائے گا ٹیسٹ میچ؟ جانئے کیا ہے پورا ماجرا (icc)
IND vs PAK: ہندوستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں اس سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ میلبورن کرکٹ گراونڈ پر کھیلا گیا تھا ۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے ریکارڈ تعداد میں شائقین اسٹیڈیم میں پہنچے تھے ۔
نئی دہلی : ہندوستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں اس سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ میلبورن کرکٹ گراونڈ پر کھیلا گیا تھا ۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے ریکارڈ تعداد میں شائقین اسٹیڈیم میں پہنچے تھے ۔ اس میچ کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب میلبورن کرکٹ کلب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے بارے میں سوچ رہا ہے ۔ ایم سی جی کا مینجمنٹ سنبھالنے والے ایم سی سی اور وکٹوریہ کی سرکار نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کی میزبانی کو لے کر حال ہی میں کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کی ہے ۔
ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹیو افسر اسٹورٹ فاکس نے اکتوبر میں یہاں کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میچ کی زبردست کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کے انعقاد میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ ان دونوں ممالک کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں 90 ہزار سے زیادہ شائقین موجود تھے ۔ فاکس نے ایس ای این ریڈیو سے کہا کہ یقینی طور پر ایم سی جی میں لگاتار تین ٹیسٹ میچوں کا انعقاد شاندار ہوگا ۔ ہر مرتبہ اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوگا ۔ ہم نے اس بارے میں جانکاری لی ہے ۔ ہم نے اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا سے بات کی ہے ۔ میں جانتا ہوں کہ (وکٹوریہ) سرکار نے بھی ایسا کیا ہے ۔ میں جانتا ہوں کہ مصروف شیڈیول کے درمیان یہ کافی پیچیدہ ہے، اس لئے میرا ماننا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ بہت بڑا چیلنج ہے ۔ فاکس نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کو اس بارے میں آئی سی سی سے بات کرنی چاہئے ۔ بقول اسٹورٹ فاکس امید ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا اس بارے میں آئی سی سی سے بات کرتا رہے گا اور اس پر زور دیتا رہے گا ۔ جب آپ دنیا بھر میں کئی اسٹیڈیموں کو خالی دیکھتے ہیں تو ایسے میں مجھے لگتا ہے کہ کھچاکھچ بھرا اسٹیڈیم اور وہاں کا ماحول کھیل کیلئے بہتر ہوگا ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ ٹیسٹ سیریز آخری مرتبہ 2007 میں کھیلی گئی تھی ۔ اس کے بعد ان کا سامنا آئی سی سی یا ایشیائی کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹ میں ہی ہوا ہے ۔
پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے سرکل میں 2023 میں ایم سی جی پر آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے ۔ فاکس کو امید ہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس میچ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے میچ کی طرح ہی اسٹیڈیم بھرا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ماحول ہندوستان اور پاکستان کے اس میچ میں تھا، میں نے ویسا ماحول ایم سی جی میں پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا ۔ ہر ایک گیند کے بعد شور اٹھنا بے مثال تھا ۔ لوگوں نے اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ اس کا پورا لطف اٹھایا تھا ۔
بتادیں کہ سیاسی وجوہات سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کئی سالوں سے دوطرفہ سیریز بند ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ سال 2012 میں دو طرفہ سیریز کھیلی گئی تھی ۔ تب تین ٹی ٹوینٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی ۔ اس کے بعد سے دونوں ٹیمیں کبھی دو طرفہ سیریز میں نہیں ٹکرائی ہیں ۔ حالانکہ اس دوران وہ ضرور آئی سی سی ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوتی رہتی ہیں ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔