نئی دہلی: سال 2019 میں آج کے ہی دن (22 جون) ہندوستان کے تیز گیند باز محمد شمی نے افغانستان کے خلاف ہیٹ ٹرک لی تھی۔ 50 اوور کے عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک لینے والے وہ دوسرے ہندوستانی گیند باز ہیں۔ اس سے پہلے سال 1987 میں چیتن شرما یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ چیتن شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف یہ حصولیابی حاصل کی تھی۔ محمد شمی کی شاندار گیند بازی کے سبب ہندوستان نے افغانستان کو 11 رنوں سے شکست دی تھی۔
225 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان کی شروعات خراب رہی اور درمیانی اووروں میں جلدی جلدی 2 وکٹ گنوا دیئے۔ اصغر افغان اور محمد نبی نے پارٹنرشپ بنانے کی کوشش کی، لیکن اصغر افغان کو یجویندر چہل نے آوٹ کردیا۔ اس کے بعد محمد نبی نے نجیب اللہ اور راشد خان کے ساتھ چھوٹی چھوٹی پارٹنرشپ بنائی۔
محمد شمی اننگ کا آخری اوور ڈالنے آئے اور پہلی گیند پر محمد نبی نے چوکا لگا دیا۔ تیسری گیند پر محمد نبی کو محمد شمی نے پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ محمد نبی نے اس میچ میں 52 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد محمد شمی نے اگلی دو گیندوں پر آفتاب عالم اور مجیب الرحمٰن کو آوٹ کیا اور اپنی ہیٹ ٹرک پوری کی۔ اس میچ میں محمد شمی نے 9.5 اوور میں 4 وکٹ حاصل کرکے 40 رن دیئے۔
اس سے قبل افغانستان نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے مضبوط بلے بازی سے لیس ہندوستانی ٹیم کو صرف 224 رن ہی بنانے دیئے۔ ہندوستان کی طرف سے وراٹ کوہلی نے 67 رن بنائے اور کیدار جادھو نے 52 رنوں کا تعاون دیا۔ کم رن بنانے کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے محمد شمی کی شاندار گیند بازی کی بدولت یہ میچ 11 رنوں سے جیت لیا۔ اس عالمی کپ میں ہندوستان نے شاندار کارکردگی پیش کی تھی اور سیمی فائنل تک پہنچی تھی، جہاں ہندوستان کو نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔