نئی دہلی: شاہد آفریدی (Shahid Afridi) کا شمار دنیا کے سب سے طوفانی بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ وہ جب پورے رنگ میں رنگے ہوتے ہیں تو پھر گیند بازوں کی خیر نہیں۔ ونڈے میں سب سے تیز سنچری لگانے والے پہلے بلے باز ہونے کی حصولیابی ان کے نام ہی درج ہے۔ شاہد آفریدی نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف محض 37 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ وہ ونڈے میں ایسی کئی یادگار اننگ کھیل چکے ہیں۔
اس میں سے ایک ہندوستان کے خلاف آج ہی کے دن یعنی 15 اپریل 2005 کو انہوں نے کھیلی تھی۔ کانپور کے گرین پارک میں ہوئے اس مقابلے میں شاہد آفریدی کا طوفان 46 گیندوں میں 102 رنوں کی اننگ کھیلنے کے بعد تھما تھا۔ شاہد آفریدی نے اپنی اس اننگ میں 10 چوکے اور 9 چھکے لگائے تھے۔ یعنی 94 رن تو صرف باونڈری سے آئے اور باقی 8 رن انہوں نے دوڑ کر بنائے تھے۔ یہ آج بھی ونڈے میں ہندوستان کے خلاف کسی بھی بلے باز کی سب سے تیز سنچری ہے۔
اس میچ میں ہندوستان کے کپتان راہل دراوڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ٹیم انڈیا نے 50 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 249 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کے لئے کپتان راہل دراوڑ نے سب سے زیادہ 115 گیندوں میں 86 رن بنائے تھے۔ وہیں محمد کیف نے بھی 88 گیندوں میں 78 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ جواب میں پاکستان کے لئے اننگ کی شروعات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بلے سے ایسا قہر برپا کیا کہ پاکستان نے یہ مقابلہ 43ویں اوور میں 5 وکٹ سے جیت لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں۔جو روٹ نے چھوڑی England کی ٹسٹ کی کپتانی، ویسٹ انڈیز کے خلاف ملی شرمناک شکست کے بعد لیا فیصلہ شاہد آفریدی نے چوکے-چھکوں سے 94 رن بنائےشاہدآفریدی نے پہلے 15 اوور میں میچ ہندوستان سے چھین لیا تھا۔ انہوں نے سلمان بٹ کے ساتھ مل کر پہلے وکٹ کے لئے 131 رن جوڑے تھے۔ اس میں سے اکیلے 102 رن تو شاہد آفریدی کے بلے سے نکلے تھے۔ انہوں نے اس کے لئے صرف 46 گیندیں کھیلی تھیں۔ شاہد آفریدی کی یہ اننگ کتنی طوفانی تھی، اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے 10 چوکے اور 9 چھکے لگائے تھے اور 221.73 کے اسٹرائیک ریٹ سے 102 رن بنائے تھے۔ انہیں ہربھجن سنگھ نے آوٹ کیا تھا۔
ڈیویلیئرس کے نام ہے ونڈے کی سب سے تیز سنچریپاکستان کے لئے شاہد آفریدی کے علاوہ شعیب ملک نے 60 گیندوں میں 41 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کے لئے انل کمبلے نے دو، جبکہ ہربھجن سنگھ، سچن تندولکر اور ویریندر سہواگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے تھے۔ شاہد آفریدی کو اس اننگ کے لئے پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا تھا۔ حالانکہ، 2015 میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرس نے ونڈے کی سب سے تیز سنچری لگائی تھی۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف محض 31 گیند میں سنچری مکمل کی تھی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔