ہوم » نیوز » اسپورٹس

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پابندی پر پھر دی صفائی ، شعیب ملک کی قیادت کو لے کر دیا یہ بڑا بیان

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وکٹ کے پیچھے بولنے کی ان کی عادت ہے ، جس کو وہ تبدیل نہیں کرسکتے ہیں ۔ ان کے مطابق صرف ایک لفظ کو لے کر مسئلہ بنادیا گیا ۔

  • Share this:
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پابندی پر پھر دی صفائی ، شعیب ملک کی قیادت کو لے کر دیا یہ بڑا بیان
سرفراز احمد ۔ فائل فوٹو ۔

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فلیکوا یو کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کی وجہ سے چار میچوں کی پابندی جھیل رہے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اب اس سلسلہ میں کھل کر بات چیت کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وکٹ کے پیچھے بولنے کی ان کی عادت ہے ، جس کو وہ تبدیل نہیں کرسکتے ہیں ۔ سرفراز کے مطابق صرف ایک لفظ کو لے کر مسئلہ بنادیا گیا ۔

پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سرفراز احمد نے کہا کہ میرے صرف ایک لفظ کو لے کر مسئلہ بنایا گیا ، میں نے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فلیکوایو کو سمجھایا کہ کچھ غلط نہیں کہا اور ان سے معذرت بھی کی۔ساتھ ہی ساتھ سرفراز احمد نے حمایت کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں محنت کررہا ہوں، اگر موقع ملا تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا اور جو غلطیاں ہوئی ہیں ، وہ آئندہ نہ کرنے کی کوشش کروں گا ۔

شعیب ملک کی کپتانی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ کپتان کوئی بھی ہو ، وہ پاکستان کیلئے کھیلتے رہیں گے اور ہمیشہ اپنی ٹیم کی حمایت کرتےرہیں گے ۔ ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ بورڈ کو کرنا ہے اور اگر اللہ نے چاہا تو ورلڈ کپ میں وہ ٹیم کی قیادت ضرورت کریں گے ۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کو دیکھ کر اپنا آپا کھو بیٹھے تھے اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ایندائل فلیکوایو کے خلاف 'نسل پرستانہ جملے کہے تھے ، جس کو اسٹمپ کے مائیک سے براہ راست سنا بھی گیا تھا۔تاہم بعد میں سرفراز نے معافی مانگ لی تھی ۔ مگر آئی سی سی نے اس کو ضابطہ کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے سرفراز پر چار میچوں کی پابندی عائد کردی تھی ۔

First published: Feb 03, 2019 03:20 PM IST