انگلینڈ میں منعقد ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد سے سرفراز احمد تنقید کے نشانے پر ہیں ۔ انہیں پاکستان کی ٹیسٹ اور ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے ہٹادیا گیا ہے ۔ یہاں تک کہ آسٹریلیا کے دورہ کیلئے بھی انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے قابل بھی نہیں سمجھا گیا ۔ حالانکہ اب پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے سرفراز احمد کو ٹیم میں واپسی کا طریقہ بتایا ہے ۔ یہ اور بات ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران بھی انہوں نے سرفراز احمد کو ہندوستان کے خلاف اہم مقابلہ سے پہلے مشورہ دیا تھا ، جس کو پاکستانی کپتان نے نظر انداز کردیا تھا ۔
سرفراز احمد حالیہ وقت میں نہ صرف کپتان بلکہ بلے باز کے طور پر بھی ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ سری لنکا کی دوسرے درجہ کی ٹیم نے بھی پاکستان کی زمین پر میزبان ٹیم کو تین صفر سے ٹی 20 سیریز میں دھول چٹادی ، جس کے بعد سرفراز کو کپتانی سے ہٹادیا گیا اور اظہر علی کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم اور بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم کی کمان سونپ دی گئی ۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سرفراز احمد پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کتپان برقرار رہیں گے یا نہیں ۔ اس اس لئے کیونکہ پاکستان کو اپنا اگلا ون ڈے ٹورنامنٹ جولائی 2020 میں کھیلنا ہے ۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں پانچویں نمبر پر رہی تھی ۔

اب اس برے وقت میں سرفراز احمد کو پاکستان کے سابق کپتان اور دنیا کے بہترین آل راونڈر میں شمار عمران خان کی حمایت ملی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا ہے کہ کسی کھلاڑی کی کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ ون ڈے اور ٹیسٹ کی جگہ ٹی 20 کرکٹ ہونا چاہئے ۔ سرفراز احمد قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں ، لیکن انہیں اس کیلئے گھریلو کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہوگی ۔ عمران خان نے اس کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے ان عہدوں کیلئے مصباح الحق کو منتخب کئے جانے کے فیصلہ کو صحیح قرار دیا ۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ صحیح ہے ، کیونکہ وہ ایک ایماندار اور بھید بھاو نہیں کرنے والا شخص ہے ، ان کے پاس کافی تجربہ ہے ، مجھے لگتا ہے کہ ان کی دیکھ ریکھ میں پاکستان کی ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں کافی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔ عمران خان نے کہا کہ مصباح کے اندر ایسی صلاحیت ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی سمت میں ان کی مدد کرسکتے ہیں ۔ بتادیں کہ آسٹریلیا دورہ پر گئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اب دونوں ٹیمیں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی ۔ پہلا میچ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔