T20 World Cup: پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر شعیب اختر نے پھر دیا وارٹ کوہلی کو ریٹائرمنٹ کا مشورہ، جانئے کیوں
T20 World Cup: پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر شعیب اختر نے پھر دیا وارٹ کوہلی کو ریٹائرمنٹ کا مشورہ، جانئے کیوں (AP)
IND vs PAK, T20 World Cup: شعیب اختر نے ایک مرتبہ پھر وراٹ کو ٹی ٹوینٹی سے ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اب کوہلی ٹی ٹوینٹی سے ریٹائرمنٹ لے لیں ۔
نئی دہلی : وراٹ کوہلی نے گزشتہ اتوار کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ناٹ آوٹ 82 رنز بنائے ۔ کوہلی کی اس اننگز کی بدولت ہندوستان نے چار وکٹ سے جیت حاصل کی ۔ اس میچ میں ہندوستان نے ایک وقت پر 31 رنز پر چار وکٹ گنوا دئے تھے اور جیت ناممکن لگ رہی تھی ، لیکن کوہلی نے اپنے ٹی ٹوینٹی کریئر کی سب سے بہترین اننگز کھیل کر کروڑوں ہندوستانیوں کو دیوالی کا تحفہ دیا ۔ پاکستان کے سابق تیز گیند باز شعیب اختر نے بھی اس اننگز کے بعد کوہلی کے جم کر تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کوہلی نے اپنے کریئر کی سب سے بہترین اننگز پاکستان کے خلاف کھیلی ہے ۔ وہ ایسی اننگز اس لئے کھیل پائے، کیونکہ انہیں یہ یقین تھا کہ وہ ایسا کرسکتے ہیں ۔
شعیب اختر نے اپنے یو ٹیوب ویڈیو میں وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ (کوہلی) تین سال سے رنگ میں نہیں تھے، بلے سے رنز نہیں آرہے تھے، انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا ، کئی لوگوں نے ان کے خلاف کئی طرح کی باتیں کیں، لوگوں نے ان کے اہل خانہ تک کو اس سب میں گھسیٹ لیا، لیکن وراٹ ٹریننگ کرتے رہے اور دیوالی سے عین قبل انہوں نے آتشی اننگز کھیل ڈالی ۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ یہ جگہ اور یہ پلیٹ فارم ان کی واپسی کیلئے پوری طرح سے صحیح ہے ، کنگ از بیک اور واپسی بھی دھماکہ کے ساتھ ہوئی ہے اور میں حقیقت میں ان کیلئے خوش ہوں ۔ وہ عظیم کرکٹر ہیں ۔
شعیب اختر نے اس ویڈیو میں ایک مرتبہ پھر وراٹ کو ٹی ٹوینٹی سے ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اب کوہلی ٹی ٹوینٹی سے ریٹائرمنٹ لے لیں ۔ میں نہیں چاہتا کہ وہ اپنی پوری توانائی ٹی ٹوینٹی میں لگائیں ۔ اگر جتنی توانائی انہوں نے پاکستان کے خلاف میلبورن میں لگائی، اگر وہ طاقت کوہلی ون ڈے میں لگائیں تو مزید سنچریاں بنا سکتے ہیں ۔
ساتھ ہی پاکستان کے اس سابق تیز گیند باز نے اپنی ٹیم کی بھی جم کر تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مایوس نہیں ہونا چاہئے ۔ افتخار میں نے آپ کی کافی تنقید کی ہے، لیکن آپ نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے ۔ حارث ، نسیم نے شاندار گیند بازی کی ہے ۔ شاہین چوٹ سے واپسی کررہے ہیں۔ انہیں فٹنس پر مزید کام کرنا ہوگا ۔ مجھے لگتا ہے کہ پاکستان ایک گیند باز کم سے کھیل رہا ہے ۔ آگے کے مقابلوں میں اس میں سدھار کرنا ہوگا ۔ بابر سے غلطی ہوئی ہے ، لیکن ہم واپسی کرلیں گے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔