پاکستان سے میچ کیلئے ٹیم انڈیا پوری طرح تیار ، وراٹ کوہلی نے کہا : صرف باہر سے دکھتا ہے ڈر
نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کا میچ بارش کی وجہ سے رد ہونے کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اپنی توجہ پاکستان کے خلاف اگلے مقابلے پر مرکوز کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس مقابلہ میں اپنی سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jun 13, 2019 11:15 PM IST

(AP Photo/Aijaz Rahi)
نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کا میچ بارش کی وجہ سے رد ہونے کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اپنی توجہ پاکستان کے خلاف اگلے مقابلے پر مرکوز کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس مقابلہ میں اپنی سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند ڈالے بغیر ہی رد ہوگیا ۔ اب ہندوستان کو 16 جون کو مانچسٹر میں پاکستان سے میچ کھیلنا ہے ۔
کوہلی نے الگے میچ کے بارے میں کہا کہ برسوں سے ہمارے مقابلے سخت رہے ہیں ۔ دنیا بھر میں لوگوں کو اس میں دلچسپی رہتی ہے اور اتنے بڑے میچ کا حصہ ہونا فخر کی بات ہے ۔ اس میں ہم اپنی سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہماری ذہنی تیاری پوری ہے ۔ میدان پر جاکر حکمت عملی پر عمل کرنا ہے ۔ میدان پر اترتے ہی سب کچھ ختم ہوجاتا ہے ۔ باہر سے ماحول پہلی نظر میں ڈرانے والا دکھتا ہے ، لیکن اندر ایسا کچھ نہیں ہے ۔ ہم اپنی حکمت عملی پر عمل کریں گے ۔
انگوٹھے کی چوٹ کے شکار شیکھر دھون کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شیکھر کچھ ہفتہ پلاسٹر میں رہیں گے ۔ اس کے بعد جائزہ لیا جائے گا ۔ وہ دوسرے مرحلے اور سیمی فائنل کیلئے دستیاب رہیں گے ۔ ہم انہیں یہیں رکھنا چاہتے تھے۔