CWG 2022: سوربھ گھوشال نے رقم کی تاریخ، اسکواش میں دفاعی چیمپئن کو ہراکر جیتا برانز میڈل
CWG 2022: سوربھ گھوشال نے رقم کی تاریخ، اسکواش میں دفاعی چیمپئن کو ہراکر جیتا برانز میڈل (Sourav ghosal instagram)
CWG 2022 Squash: کامن ویلتھ گیمز کے چھٹے دن ہندوستان کو اسکواش میں ایک برانز میڈل ملا ۔ مردوں کے سنگلز کے برانز میڈل مقابلے میں سوربھ گھوشال نے انگلینڈ کے جیمز ولسٹراپ کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر برانز میڈل جیتا۔
نئی دہلی : کامن ویلتھ گیمز کے چھٹے دن ہندوستان کو اسکواش میں ایک برانز میڈل ملا ۔ مردوں کے سنگلز کے برانز میڈل مقابلے میں سوربھ گھوشال نے انگلینڈ کے جیمز ولسٹراپ کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر برانز میڈل جیتا۔ اس میچ میں سوربھ شروع سے ہی میزبان انگلینڈ کے کھلاڑی پر حاوی رہے اور انہوں نے اسے تیسرے گیم تک اس کو برقرار رکھا۔ سوربھ ، جیمز کے والد میلکم سے کوچنگ لے چکے ہیں ۔ اس میچ سے پہلے تک جیمز کا سوربھ کے خلاف ریکارڈ دمدار تھا۔ وہ ہندوستانی کھلاڑی کے خلاف 8 میچ جیتے تھے ۔ لیکن گھوشال برانز میڈل کے مقابلے میں بھاری پڑ گئے۔ جیمز نے پچھلے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
سوربھ نے اس جیت کے ساتھ تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ کامن ویلتھ گیمز میں اسکواش کے سنگلز ایونٹ میں میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے سابق ورلڈ چیمپئن ولسٹراپ کو برانز میڈل کے لئے ہوئے یک طرفہ مقابلے میں 11-6، 11-1 اور 11-4 سے ہرایا ۔
پہلی مرتبہ سنگلز ایونٹ میں میڈل جیتنے کی خوشی 35 سالہ سوربھ کے چہرے پر صاف دکھائی دے رہی تھی۔ ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے ۔ سوربھ نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے پال کول کو شکست دی تھی۔ اس سے پہلے سوربھ نے 2018 گولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمز میں مکسڈ ڈبلز مقابلے میں سلور میڈل جیتا تھا۔ کامن ویلتھ گیمز میں یہ ان کا دوسرا میڈل ہے۔
ہندوستان نے اب تک سی ڈبلیو جی میں 15 میڈل جیتے ہیں۔ اس میں 5 گولڈ، 5 سلور اور 5 برانز میڈل شامل ہیں ۔ کئی کھلاڑی اب بھی میڈل کی دوڑ میں ہیں۔ جبکہ کئی ایونٹس کے مقابلے باقی ہیں۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔