کرکٹ کے فینس جتنا آئی پی ایل کا انتظار کرتے ہیں اس سے زیادہ چنئی سوپر کنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو دیکھنے کا بھی انتظار کرتے ہیں۔ دھونی کا استقبال ہر ٹیم کے ہوم گراونڈ پر زوردار طریقے سے ہوتا ہے۔ آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کے پہلے میچ میں انہوں نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف چھوٹی مگر زبردست اننگ کھیلی۔ احمدآباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم گجرات کا ہوم گراونڈ ہے، لیکن ایسا لگا کہ یہ دھونی کی ٹیم کا میدان ہے۔
نریندر مودی اسٹیڈیم میں لگاتار دھونی دھونی کی گونج سنائی دے رہی تھی۔ وہ 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر رویندر جڈیجہ کے آوٹ ہونے کے بعد کریز پر اترے۔ انہوں نے آخری اوور مین جوشووا لیٹل کی گیند پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ دھونی نے سات گیندوں کی اننگ میں ناٹ آوٹ 14 رن بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 200 کا رہا۔ دھونی نے جب 20ویں اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگایا تو پورا اسٹیڈیم جھوم اٹھا۔
دھونی نے میچ میں آٹھویں نمبر پر بلے بازی کی۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں پہلی بار ہوا ہے۔ اس سے پہلے وہ آٹھویں نمبر پر نہیں اترے تھے۔ دھونی کے 14 رنز کی بدولت چنئی کی ٹیم نے 170 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ چنئی نے 20 اوور میں سات وکٹ پر 178 رنز بنائے۔
چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی اس میچ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے چنئی سوپر کنگز کے لیے 200 چھکے مکمل کیے۔ وہ کسی ایک ٹیم کے لیے 200 چھکے لگانے والے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں کرس گیل سرفہرست ہیں۔ انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کے لیے 239 چھکے لگائے تھے۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے RCB کے لیے 238، کیرون پولارڈ نے ممبئی انڈینز کے لیے 223 اور وراٹ کوہلی نے RCB کے لیے 218 چھکے لگائے ہیں۔
Published by:Shaik Khaleel Farhaad
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔