جوہانسبرگ: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں گھریلو زمین پرمنعقدہ تین میچوں کی ٹسٹ سیریزمیں جنوبی افریقی ٹیم کی کلین سوئپ کردی۔ ہندوستان نے وشاکھا پٹنم میں ہوئے پہلے ٹسٹ میں 203 رن سے جیت حاصل کی، جبکہ پنے ٹسٹ اس نےایک اننگ اور137 رنوں کے بڑے فرق سے جیتا۔ وہیں رانچی میں ہوا تیسرا ٹسٹ بھی ٹیم انڈیا نےاننگ کےفرق سے اپنےنام کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستان نے ٹسٹ سیریزمیں جنوبی افریقہ کےخلاف کلین سوئپ کیا تھا۔
جنوبی افریقہ پرہندوستانی ٹیم اس جیت کےساتھ ہی یہ بحث بھی تیزہوگئی کہ کیا وراٹ کوہلی کی موجودہ ٹیم ہندوستان کی سب سے بہترٹیم ہے؟ اس معاملےمیں اب جنوبی افریقہ کےسابق کرکٹرہاشم آملہ نے بڑا بیان دیا ہے۔ حال ہی میں انگلینڈ میں منعقد ہوئےآئی سی سی عالمی کپ 2019 کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے ہاشم آملہ نےکہا ہےکہ وراٹ کوہلی کی موجودہ ٹیم اچھی ہے، لیکن ہندوستان کی پرانی ٹیم سےاس کا موازنہ نہیں کیا جانا چاہئے۔

ہاشم آملہ نے سچن تندولکرسمیت دیگرعظیم کھلاڑیوں پرمشتمل ہندوستان کی سابقہ ٹیم کی جم کر تعریف کی۔ فائل فوٹو
نیوز 18 سے بات چیت میں ہاشم آملہ نےکہا 'میں سچن تندولکر، راہل دراوڑ، وی وی ایس لکشمن، سوربھ گانگولی، ویریندرسہواگ کے خلاف کھیلا ہوں۔ پوری دنیا میں آپ کواس سے بہتربلے بازی آرڈرکہیں نہیں مل سکتا۔ موجودہ وقت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہےاوربے حد متوازن ٹیم ہے۔ مگرہندوستان کی اس ٹیم کے خلاف کھیلنا کہیں زیادہ مشکل تھا'۔ ہاشم آملہ نےکہا 'تب کی ٹیم میں انل کمبلےاورہربھجن سنگھ جیسے بہترین گیند بازتھے۔ میں کئی بہترین کرکٹروں کے خلاف کھیلا ہوں، لیکن ایک دہائی بعد مجھےنہیں لگتا کہ آپ دوٹیموں کا موازنہ کرسکتے ہیں'۔
جنوبی افریقہ کےسابق بلے بازہاشم آملہ نے جنوبی افریقہ کی حالیہ کارکردگی پرشدید تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نےکہا کہ اتارچڑھاؤ کھیل کا حصہ ہیں۔ ایک خراب دورہ ختم ہونےکے بعد ہمیں یہ ذمہ داری لینی چاہئےکہ ہاں، ہم نےاچھا کھیل نہیں دکھایا۔ ہاشم آملہ کا شماربہترین سلامی بلےبازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نےجنوبی افریقہ کےلئےٹسٹ کرکٹ میں 9282 اور ونڈے کرکٹ میں 8113 رن بنائے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔