نئی دہلی: پاکستان کے کپتان بابر اعظم (Babar Azam) نے ٹی-20 عالمی کپ (T20 World Cup 2021) کے پہلے میچ میں ہندوستان پر ملی تاریخی جیت کے بعد کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جیت کے خمار میں ضرورت سے زیادہ نہ ڈوبیں۔ ٹی-20 عالمی کپ 2021 کے سپر 12 کے اپنے پہلے مقابلے میں پاکستان نے ہندوستان سے 10 وکٹ سے جیت درج کرکے عالمی کپ میں 12 میچوں کی شکست کا سلسلہ بھی توڑ دیا۔ جیت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ویڈیو میں بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ جشن منائیے۔ ہوٹل لوٹ کر اپنی فیملی کے ساتھ اس لمحے کا مزہ لیجئے، لیکن یہ نہیں بھولنا ہے کہ یہ میچ ہوچکا ہے اور ہمیں باقی میچوں کی تیاری کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو شکست دینے کے بعد ٹیم سے امیدیں بڑھ گئی ہیں اور اب زیادہ محنت کرنی ہوگی۔
کپتان نے پاکستانی ٹیم کو یاد دلایا ہدفکپتان بابر اعظم نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آج رات ہر کھلاڑی اس لمحے کا لطف لیں، لیکن ٹیم میں اپنے کردار اور باقی میچوں کو بھی یاد رکھیں۔ ہم یہاں صرف ہندوستان کو ہرانے نہیں آئے ہیں، بلکہ عالمی کپ جیتنے آئے ہیں۔ یہ بھولنا نہیں ہے۔ ٹی-20 عالمی کپ سے ایک ماہ پہلے ہی قومی ٹیم کے چیف کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کو عالمی کپ جیتنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
ٹورنا منٹ سے پہلے گیند بازی کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے وقار یونس کے ساتھ ایک چینل پر مصباح الحق نے کہا کہ امید ہے کہ ہم جشن کے خمار میں ڈوب نہیں جائیں گے اور یہ نہیں بھولیں گے کہ ہمیں اور بھی میچ کھیلنے ہیں اور عالمی کپ جیتنا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم نے بے حد نظم و ضبط کا مظاہرہ کرکے ہندوستان کو 10 وکٹ سے شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ اب اسی نظم وضبط کو آگے بھی بنائے رکھنا ہے۔ ہر کھلاڑی کو اپنا رول نبھانا ہے۔
ٹیم انڈیا کی زبردست شکستواضح رہے کہ ہندوستان کو آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے سپر-12 کے پہلے میچ میں اتوار کو یہاں پاکستان سے 10 وکٹ سے زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے عالمی کپ (ونڈے اور ٹی-20) میں 1992 کے بعد اس میچ سے قبل تک سبھی 12 میچوں (ونڈے میں سات اور ٹی-20 میں پانچ) میں جیت درج کی تھی۔
کمال کی بلے بازیشاہین شاہ آفریدی (31 رن دے کر پانچ وکٹ) کی قیادت میں پاکستانی گیند بازوں کے سامنے ٹیم انڈیا کے بلے باز نہیں چلے اور بعد میں باقی کسر کپتان بابر اعظم (52 گیندوں پر ناٹ آوٹ 68 رن، 6 چوکے اور دو چھکے) اور محمد رضوان (55 گیندوں پر ناٹ آوٹ 79 رن، 6 چوکے اور تین چھکے) کی پہلے وکٹ کے لئے ناقابل تسخیر شراکت داری نے پوری کردی۔
ہندوستان کی خراب شروعاتہندوستان نے صرف 31 رن کے اسکور پر تین وکٹ گنوا دیئے تھے۔ وراٹ کوہلی (49 گیندوں پر 57 رن، پانچ چوکے، ایک چھکا) نے رشبھ پنت (30 گیندوں پر 39 رن، دو چوکے اور دو چھکے) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 40 گیندوں پر 53 رن کی شراکت کی، جس سے ہندوستان باعزت اسکور تک پہنچ پایا۔ اس کے الٹ پاکستانی بلے بازوں نے شروع سے ہی ہندوستانی گیند بازوں پر دباو بنایا۔ وراٹ کوہلی کے گیند بازوں سے لے کر فیلڈنگ کی سجاوٹ میں وہ جارحیت نظر نہیں آئی، جس کے سبب انہیں دنیا کے کامیاب کپتانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔